عمران خان پر حملہ، مقدمے کا تفتیشی افسر تبدیل


لاہور(صباح نیوز)وزیرآباد میں سابق وزیراعظم عمران خان پر کیے گئے حملے کے مقدمے کے تفتیشی افسر انسپکٹر رانا امتیاز کو تبدیل کردیا گیا۔

اس حوالے سے بننے والی جے آئی ٹی کے ذرائع کے مطابق گریڈ 18کے آفیسر انور شاہ کو نیا تفتیشی آفیسر مقرر کیا گیا ہے جو اینٹی کرپشن لاہور میں ڈائریکٹر ویجیلینس کے عہدے پر تعینات ہیں۔

ذرائع کے مطابق تفتیش سے متعلق تمام دستاویزات بھی نئے تفتیشی آفیسر کو منتقل کردئیے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق تحقیقات کے دوران اب تک جائے وقوعہ سے 36فرانزک شہادتیں جمع کی گئیں، شہادتوں کے ٹیسٹ کے لیے مختلف اشیا کے 31پارسل فرانزک لیب بھجوائے گئے۔

ذرائع کے مطابق ملزم کے جوتے، جائے وقوعہ سے ملنے والے خون کے مختلف سیمپلز، خون آلود کپڑے اور گولیوں کے خول فرانزک لیب بھجوائے گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فرانزک لیب کی رپورٹ کے بعد ہی مقدمے کی تفتیش میں حتمی سمت کا تعین کیا جائے گا۔انور شاہ کو جے آئی ٹی کے کنوینئر سی سی پی او لاہور کی سفارش پر تفتیشی آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔