ووٹ خریداری ویڈیو کا معاملہ، سہیل شہزاد کو متعلقہ فورم سے رجوع کی ہدایت


لاہور(صباح نیوز)لاہور ہائیکورٹ نے حلقہ این اے 133 کے ضمنی الیکشن میں ووٹوں کی خریداری کی ویڈیو کے معاملے پر امیدوار سہیل شہزاد کو متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی۔

لاہور ہائیکورٹ نے این اے 133 کے ووٹرز کو خریدنے کیخلاف درخواست خارج کرنے سے متعلق تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔ جسٹس مزمل اختر شبیر نے امیدوار سہیل شہزاد کی درخواست پر 14 صفحات کا فیصلہ جاری کیا۔

فیصلے میں کہا گیا کہ درخواست گزرا کو پہلے متعلقہ فورم سے رجوع کرنا چاہئے تھا، درخواست گزار نے قانون کی پیروی نہیں کی، متعلقہ فورم کی موجودگی میں ہائیکورٹ میں ڈائریکٹ درخواست دائر کرنا قانون کے منافی ہے، الیکشن کمیشن کے قوانین کے مطابق مانیٹرنگ افسر اور الیکشن کمیشن کا فورم درخواست بنتا ہے۔

یاد رہے درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ شائستہ پرویز ملک اور اسلم گل کے حلقے میں پیسے تقسیم کئے جا رہے ہیں، دونوں امیدوار صادق اور امین نہیں رہے۔