سپریم کورٹ میں آرمی چیف کی تعیناتی سے متعلق درخواست دائر

اسلام آباد(صباح نیوز)سپریم کورٹ آف پا کستان میں آرمی چیف کی تعیناتی کیلئے درخواست دائر کردی گئی۔جس میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ حکومت کو سینیارٹی کے مطابق آرمی چیف تعینات کرنے کا حکم دیا جائے۔

تفصیلات کے مطابق آرمی چیف کی تعیناتی کیلیے سپریم کورٹ میں درخواست ایڈووکیٹ طالب حسین نے دائر کی جس میں استدعا کی گئی ہے کہ سینئر ترین آرمی آفیسر کو چیف آف آرمی اسٹاف بنایا جائے۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کہ پاکستان آرمی چیف کی تعیناتی کا مسئلہ ہمیشہ کیلئے حل ہونا چاہیے، پاکستان آرمی دنیا میں اہمیت کی حامل ہے۔

  طالب حسین میکن نامی وکیل  کی جانب سے دائر درخواست میں وفاق اور وزارت دفاع کو فریق بنایا گیا ہے۔ جس میںعدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ  حکومت کو سینیارٹی کے مطابق آرمی چیف تعینات کرنے کا حکم دیا جائے،حکومت کو حکم دیا جائے آئندہ بھی سینئر موسٹ جنرل آرمی چیف لگایا جائے۔ آرمی چیف کی تعیناتی کا معاملہ متنازعہ نہیں بننا چاہیے۔