عالمی بینک کی جانب سے جاری منصوبوں کیلئے حکومت ہرممکن تعاون فراہم کرے گی،سینیٹر اسحاق ڈار


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر خزانہ سے عالمی بینک کے ریجنل ڈائریکٹر کی ملاقات،موجودہ اقتصادی  و معاشی صورت حال سے آگاہ کیا، گوانگزی چن نے مالیاتی اصلاحات کے پروگرام کو کامیابی سے مکمل کرنے پر حکومت پاکستان کی تعریف کی، وزیرخزانہ نے یقین دہانی کرائی کہ عالمی بینک کی جانب سے جاری منصوبوں کیلئے حکومت ہرممکن تعاون فراہم کرے گی۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق  وفاقی وزیر خزانہ اور ریونیو سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ورلڈ بینک کے ریجنل ڈائریکٹر برائے جنوبی ایشیا انفراسٹرکچر گوانگزی چن نے گزشتہ روز فنانس ڈویژن میں ملاقات کی۔کنٹری ڈائریکٹر ورلڈ بنک مسٹر ناجی بینہسین، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، ایس اے پی ایم برائے ریونیو  طارق محمود پاشا، سیکرٹری فنانس اور فنانس ڈویژن کے دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔ وزیر خزانہ نے  گوانگزی چن کا خیرمقدم کیا اور پاکستان کی  موجودہ اقتصادی  و معاشی صورت حال کے بارے  میں بتایا۔

انہوں نے وفد کو موجودہ حکومت کی جانب سے کاروبار کرنے میں آسانیوں، برآمدات کی حوصلہ افزائی اور معیشت کے مختلف شعبوں میں سہولیات کی فراہمی کرتے ہوئے پائیدار اور جامع اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے کیے جانے والے مختلف پالیسی اقدامات سے آگاہ کیا۔ گوانگزی چن نے مالیاتی اصلاحات کے پروگرام ،ارای ایس ای  کو کامیابی سے مکمل کرنے پر حکومت پاکستان کی تعریف کی  اور مبارکباد دی۔

انہوں نے وزیر خزانہ کو حکومت پاکستان کے وژن کے مطابق عالمی بینک کی جانب سے ملک میں شروع کیے جانے والے دیگر مختلف پروگراموں کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امداد اور بحالی کے کاموں کے لیے عالمی بینک کی جانب سے تعاون کے بارے میں بھی بتایا۔

وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے پاکستان میں عالمی بینک کے ترقیاتی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ادارہ جاتی اصلاحات اور معاشی ترقی کے لیے عالمی بینک کی طرف سے فراہم کی جانے والی مالی اور تکنیکی مدد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔وزیر خزانہ نے وفد کو یقین دلایا کہ پاکستان میں ورلڈ بنک کی جانب سے شروع کیے جانے والے جاری منصوبوں کے لیے موجودہ حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے پاکستان کی معاشی ترقی میں مستقل کردار ادا کرنے پر وفد کا شکریہ ادا کیا۔