پیپلزپارٹی کی قیادت ناخوش، مصطفی نواز کھوکھر کا بطورِ سینیٹر عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما مصطفی نواز کھوکھر نے بطورِ سینیٹر عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما مصطفیٰ نواز کھوکھر نے لکھا کہ گزشتہ روز پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر لیڈر سے ملاقات ہوئی، ملاقات کے دوران مجھے بتایا گیا کہ پارٹی قیادت میرے سیاسی موقف سے خوش نہیں ہے اور سینیٹ سے میرا استعفی چاہتی ہے، اسی بنا پر میں نے بخوشی سینیٹ کی رکنیت سے مستعفی ہونے پر رضا مندی ظاہر کر دی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ایک سیاسی کارکن کے طور پر میں مفاد عامہ کے معاملات پر اپنی رائے کا اظہار کرنے کے حق کی قدر کرتا ہوں۔ سندھ سے سینیٹ کی نشست دینے پر پارٹی قیادت کا مشکور ہوں۔ اختلافات کو ایک طرف رکھتے ہوئے میرا پیپلز پارٹی کیساتھ شاندار سفر رہا ہے اور ان کے لیے نیک تمنائیں ہیں۔ انشا اللہ آج بروز بدھ کو چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو ذاتی طور پر استعفی پیش کروں گا۔