غیرقانونی اثاثے کیس ،عثمان بزدار کی عبوری ضمانت کا تحریری حکم جاری


لاہور(صباح نیوز)احتساب عدالت لاہور نے غیرقانونی اثاثے کیس میں سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی عبوری ضمانت کا تحریری حکم جاری کر دیا۔

احتساب عدالت نمبر 2 کے جج نسیم احمد وِرک نے عبوری ضمانت کی منظوری کا فیصلہ جاری کیا۔عدالت نے اپنے تحریری حکم میں کہا ہے کہ عثمان بزدار عبوری ضمانت کے لیے 5 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کروائیں۔

احتساب عدالت نے اپنے تحریری حکم میں کہا کہ نیب عثمان بزدار کے خلاف غیر قانونی اثاثے بنانے کے الزام میں چھان بین کر رہا ہے۔احتساب عدالت کی جانب سے عثمان بزدار کو ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب کاشف مسرور کے روبرو پیشی کا نوٹس بھجوایا گیا ہے اور حکم دیا گیا ہے کہ عثمان بزدار نیب کے روبرو شاملِ تفتیش ہوں۔

لاہور کی احتساب عدالت نے نیب سے معاملے پر 22 نومبر کو جواب بھی طلب کر لیا ہے۔واضح رہے کہ عثمان بزدار پر شراب کے لائسنس کے اجرا کے لیے اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام ہے۔

گزشتہ روز احتساب عدالت نے قومی احتساب بیورو (نیب) کو سابق وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی گرفتاری سے روک دیا تھا۔