عمران خان پروزیر آباد میں آزادی مارچ کے دوران ہونے والے قاتلانہ حملے کا مقدمہ تھانہ سٹی وزیر آباد میں درج


وزیر آباد(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر عمران خان پروزیر آباد میں آزادی مارچ کے دوران ہونے والے قاتلانہ حملے کا مقدمہ تھانہ سٹی وزیر آباد میں درج کر لیا گیا۔مقدمہ ،قتل، اقدام قتل ، دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔

ایک نجی نجی ٹی کے مطابق مقدمہ میں موقع سے گرفتار مرکزی ملزم محمد نوید کو باقائدہ ملزم نامزد کردیا گیا ہے۔مقدمہ کے اندراج کے بعد قاتلانہ حملے کی ایف آئی آر کو سیل کردیا گیا ہے۔مقدمہ کی ایف آئی آر کو اس لئے سیل کیا گیا ہے کہ جس طرح ملزم کا بیان باہر گیا تھا اسی طرح سپریم کورٹ جانے سے قبل ایف آئی آر لیک نہ ہوجائے۔

ایف آئی آر کو کل (منگل)کے روز سپریم کورٹ میں پیش کیا جائے گا اور اس کے بعد ایف آئی آر کو عام کیا جائے گا اور گرفتار ملزم محمد نوید کی گرفتاری ڈالی جائے گی جو کہ سی ٹی ڈی لاہور کے چوہنگ کے ایک سیل میں موجود ہے۔ مقدمہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر درج کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے آئی جی پنجاب پولیس کو عمران خان پر ہونے والے قاتلانہ حملے کا مقدمہ 24گھنٹے میں درج کرنے کا حکم دیا تھا۔