خرم دستگیر نے چنیوٹ اور پینسرہ میں گرڈ اسٹیشنوں کا افتتاح کردیا


فیصل آباد/چنیوٹ(صباح نیوز)وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر  نے چنیوٹ میں 220 میگا واٹ گرڈ اسٹیشن کا افتتاح کر دیا۔ 4 سال ملکی ترقی کو ایک ملک دشمن ٹولے نے روکے رکھا،ہمیں اس کا  مل کر تدارک کرنا ہو گا، نواز شریف نے ملک کو روشن ،دہشت گردی سے پاک اورسرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کیا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب میں خرم دستگیر نے کہا کہ 4 سال ملکی ترقی کو ایک ملک دشمن ٹولے نے روکے رکھا۔  ہم نے ملک کو اسی ترقی کے موٹروے پر ڈال رہے ہیں، جس کا آغاز نواز شریف نے 2013 میں کیا تھا۔ادھر فیصل آباد میں خرم دستگیر نے17 ارب کی لاگت کے 500 کے وی پینسرہ گرڈ اسٹیشن کا افتتاح کیا۔ان کا کہنا تھا کہ فیصل آباد کے نواحی علاقوں میں بجلی کی فراہمی اور ترسیل بہتر ہوگی، گرڈ اسٹیشن سے 3 ماہ میں ایک ارب 20 کروڑ کے لائن لاسز میں کمی آئی۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ترقی کا سفر ایک فسادی فتنہ کی وجہ سے 4 سال رکا رہا اب وہ چل پڑا ہے، جو منصوبے رکے ہوئے تھے، ان کو دوبارہ چلایا جارہا ہے۔ وہ شخص جو کہتا رہا کیا ہم غلام ہیں، اس کی آڈیو آئی کہ امریکا کا نام نہ لیا جائے۔انہوں نے کہاکہ مذکورہ منصوبہ سے جہاں توانائی کی ضروریات پوری ہو سکیں گی وہیں نئے چھوٹے و بڑے صنعتی یونٹس بھی لگ سکیں گے جبکہ علاقہ میں پہاڑوں کی کٹائی اور بجر و بجری کی تیاری کیلئے لگے ہوئے سٹون کرشرز کے وولٹیج بھی پورے ہو جائیں گے۔

انہوں نے صرف گرڈ اسٹیشن کے منصوبہ کا ہی افتتاح نہیں کیا بلکہ اس سے علاقے کی ترقی کا بھی افتتاح ہوا ہے کیونکہ جب یہاں نئے یونٹس لگیں گے اور سرمایہ کاری آئے گی تو یہاں کے لوگوں کو روز گار کی فراہمی بھی ممکن ہو سکے گی۔  نواز شریف نے اپنے دور حکومت میں بجلی کی کمی کا خاتمہ کیا اور جہاں روزانہ 18،18 گھنٹے بجلی کی لوڈ شیڈنگ ہو تی تھی وہاں ملک کو لوڈ شیڈنگ فری کر دیا یہی نہیں بلکہ کراچی جیسے علاقوں میں جہاں روزانہ 30،30 قتل ہوتے تھے اور وہاں لوگوں نے بیرونی و اندرونی سرمایہ کاری روک دی تھی نہ صرف وہاں امن قائم کیا بلکہ ملک بھر سے دہشت گردی کا خاتمہ یقینی بنایا۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ نواز شریف نے اس ملک کو روشن اور دہشت گردی سے پاک کرنے کے ساتھ ساتھ بیرونی و اندرونی سرمایہ کاروں کااعتماد بحال کیا جس سے پاکستان تعمیر و ترقی کی منازل کی جانب گامزن ہوا مگر فتنہ خان کی فسادی حکومت نے تمام کئے کرائے پر پانی پھیر دیا اور اپنے گزشتہ 4سالہ دور حکومت میں ملک کو 50سال پیچھے دھکیل دیا۔ نواز شریف نے ملک میں سی پیک لا کر پاکستان کی ترقی کی بنیاد رکھ دی۔ فیسکو ملک کی اہم ترین ڈسٹری بیوشن کمپنی ہے کیونکہ یہ پاکستان کے مانچسٹر اور ٹیکسٹائل حب فیصل آباد کی کاروباری و صنعتی اور برآمدی ترقی میں ریڑ ھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔انہوں نے کہاکہ اب سسٹم میں نئی بجلی شامل ہونے سے کاروباری و صنعتی ترقی کا پہیہ تیز ہو گا اور وولٹیج بھی ڈراپ نہیں ہو ں گے۔