لاہور(صباح نیوز)سابق وزیراعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ جمعہ سے مارچ کا اعلان کررہا ہوں، اس لانگ مارچ کو سیاسی نہیں سمجھنا اس کو آزادی سمجھنا ہے،جب ہماری حکومت بیرونی سازش، اندرونی میر جعفر اور میر صادق نے مل کر گرائی تو سوشل میڈیا نے دکھایا۔
لاہور میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمعہ سے حقیقی آزادی جہاد شروع ہورہا ہے۔ ہم آزاد تھے لیکن انگریزوں کی جنگ میں شرکت کی اور جن کی جنگ میں شرکت کی انھوں نے ہم پر 400 سے زائد حملے کیے۔انہوں نے کہا کہ آج بھارت اسرائیل سے تیل لے رہا ہے لیکن ہم نے نہیں لیا کیونکہ ایسا کرنے سے امریکہ ناراض ہوجائے گا جس کی وجہ سے آج مہنگائی پچاس سال کے ریکارڈ سطح پر پہنچ چکی ہے ۔ ہم نے روس سے سستا تیل لینا طے کر لیا تھا اور پھر غلام آ گئے اور امریکہ سے ڈر کر معاہدہ ختم کر دیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ انسانی معاشرہ میں قانون عوام کو تحفظ دیتا ہے اور انصاف کا مطلب ہے کہ قانون کے آگے کمزور اور طاقتور برابر ہوں، یہ مجھے میرے بنیادی حق دیتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس ملک میں چوروں کو جب پکڑنے لگو تو یہ باہر بھاگ جاتے ہیں اور ڈیل کرکے واپس آجاتے ہیں اور آج یہ اپنے گیارہ سو ارب کی چوری معاف کروارہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی ملک ترقی نہیں کرسکتا جب تک طاقتور قانون کے نیچے نہیں آتا ہے، رول آف لا جب تک نہیں آتا ترقی نہیں آتی اور این آر او دینے کا مطلب ہے کہ ہم نے رول آف لا ختم کردیا گیا ہے۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ جب ہماری حکومت گرائی گئی میڈیا کو کنٹرول کیا گیا مگر سوشل میڈیا نے اسے دیکھایا اور میڈیا پر بھی دبائو پڑ گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ابھی بھی ایسا ہو رہا ہے مگر اسے اب یہ مافیا روک نہیں سکتا لیکن آپ مین میڈیا پر جتنا مرضی کنٹرول کریں مگر لوگوں کے پاس موبائل ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج اب جب بھی کسی پر تنقید ہوتی ہے تو کہتے ہیں پی ٹی آئی کا سوشل میڈیا یہ کر رہا ہے لیکن یہ میرے کنٹرول میں نہیں نہ یہ پی ٹی آئی کا سوشل میڈیا کرتا ہے، لوگ خود یہ سب کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ باہر بیٹھا شریف خان پیسے دے کر ٹرینڈ چلواتا مگر وہ زیادہ دیر نہیں چلتا ہے کیونکہ غلام آگے نہیں بڑھ سکتے ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ جمہوریت کا مطلب ہے آزادی، موبائل فون لوگوں کو آزادی اور آزادی رائے کی طرف لے کر جا رہا ہے جبکہ ہمارے خلاف بہت فیک نیوز بھی چلتی ہے لیکن سوشل میڈیا پر جھوٹ بھی بہت جلدی پکڑا جاتا ہے اور سب سے پہلے جھوٹوں کو چمپئین مریم نواز سوشل میڈیا پر جھوٹ بولتے ہوئے پکڑی جاتی ہیں۔
اس سے قبل لاہور بار کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ یہ اب حتمی اور فیصلہ کن جنگ ہے، لاہور سے میرے مارچ کا آغاز ہوگا، میں اس قوم کے لیے یہ جنگ لڑ رہا ہوں، لاہور بار بھی اس مارچ میں بھرپور شرکت کرے۔ پنجاب حکومت کو کہوں گا کہ وکلا پروٹیکشن بل منظور کرے، وکلا کے ہسپتال کے لیے رقم جاری کی جائے۔ سابق وزیراعظم عمران خان کی 90 شاہراہ قائد اعظم میں پارٹی کی سینئر لیڈر شپ کے ساتھ ملاقات ہوئی جس میں اسد عمر، شاہ محمود قریشی، شیخ رشید، عمر ایوب، میاں اسلم اقبال، عمر سرفراز چیمہ بھی شریک تھے۔ ملاقات میں لانگ مارچ اور دیگر امور پر پارٹی لیڈر شپ کی مشاورت ہوئی جس میں آئندہ حکمت عملی کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔