رواں مالی سال پاکستان میں بے روزگاری مزید بڑھے گی، آئی ایم ایف


اسلام آباد(صباح نیوز)آئی ایم ایف نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ رواں مالی سال پاکستان میں بے روزگاری مزید بڑھے گی۔

عالمی مالیاتی ادارے کے مطابق رواں مالی سال بے روزگاری کی شرح چھ اعشاریہ دو سے بڑھ کر چھ اعشاریہ چار فیصد رہے گی جبکہ افراط زر کی شرح انیس اعشاریہ نو فیصد رہنے کی توقع ہے۔

آئی ایم ایف رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال معاشی شرح نمو 3.5فیصد رہنے کی توقع ہے، گزشتہ مالی سال معاشی شرح نمو 6فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔ رواں مالی سال کرنٹ اکائونٹ خسارہ جی ڈی پی کے 2.5 فیصد رہنے کا امکان ہے۔

گزشتہ مالی سال بے روزگاری کی شرح 6.2فیصد ریکارڈ کی گئی تھی، گزشتہ مالی سال افراط زر کی شرح 12.1فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔ گزشتہ مالی سال کرنٹ اکائونٹ خسارہ بلحاظ جی ڈی پی 4.6فیصد رہا۔