الیکشن کمیشن آف پاکستان نے توشہ خانہ ریفرنس میں انصاف کیا۔ شہباشریف


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر اعظم میاں محمد شہباشریف نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے توشہ خانہ ریفرنس میں انصاف کیا۔ قوم نے دیکھ لیا کہ کرپٹ پریکٹس کرکے وزیراعظم کے منصب کو ذاتی آمدنی کا ذریعہ بنایاگیا۔

ان خیالات کااظہار وزیر اعظم شہبازشریف نے جمعہ کے روز الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں پانچ سال کے لئے نااہل قراردینے کے فیصلہ پر ردعمل کااظہار کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم کاکہنا تھ اکہ صداقت وامانت کا بت پاش پاش ہوگیا۔ قانون سے لڑنے، گولیاں،ڈنڈے چلانے/ فسادی جتھے لانے کے بجائے قانون کے سامنے سر جھکائیں۔کوئی قانون سے بالا  نہیں۔

جبکہ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ، ترقی وخصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ فارن فنڈنگ چوری کے بعد اب توشہ خانہ کیس میں چوری پکڑی گئی ہے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے عمران خان کے خلاف فیصلہ پر ردعمل کااظہار کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ چندے چوری کئے، تحفے چوری کئے۔ دو نہیں ایک پاکستان کا نعرہ لگانے والے آج خود کو قانون سے بالاتر ثابت کرنے پہ تلے ہوئے ہیں۔سڑکوں پہ تشدد کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ عمران نیازی مجرم ہے وگرنہ عدالت میں یہ بیگناہی ثابت کرتے۔