اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے قومی اسمبلی کے وقفہ سوالات کے حوالے سے آگاہی دی ہے کہ گزشتہ دو سالوں کے دوران اسلام آباد میں شراب اور بیئر کے 11003 لائسنسز جاری کیے گئے اور ان سے 28 لاکھ روپے کی زائد آمدن ہوئی ۔
قومی اسمبلی کا اجلاس پینل آف چیئرپرسن عالیہ کامران کی صدارت میں ہوا۔ وقفہ سوالات میں مولانا عبدالاکبر چترالی کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت برائے داخلہ عبدالرحمان کانجو نے کہاکہ اسلام آباد کے آباد سیکٹرز کے پلاٹوں کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کرلیا گیا ہے۔ سی ڈی اے نے 943 مربع کلو میٹر کو ڈیجٹلائز کیا ہے۔ شہر میں 400 جبکہ دیہی علاقوں کا 543 مربع کلو میٹر رقبہ شامل ہے ۔ لین دین کے کیس تک متعلقہ شہری کو رسائی دی گئی ہے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ گزشتہ چار سالوں کے دوران شعبہ سائر کرائم کو 98247 شکایات موصول وہئیں۔ 78966 کو نمٹا دیا گیا ۔8260 کے حوالے سے انکوائریوں کا فیصلہ ہوا۔ 214 کو سماعت کیلئے عدالت میں پیش کردیا گیا۔10807 نیوز شعبہ سائبر کرائم میں زیر التوا ہیں۔ دھمکیوں اور راز داری کی خلاف ورزی سے متعلق بھی شکایات موصول ہوئیں۔ سوشل میڈیا پر پبلک آفس ہولڈرز کیخلاف ناشائستہ مہم میں اصل مجرموں کی نشاندہی کرتے ہوئے 214مراسلے پیش کیے گئے۔
چوہدری برجیس طاہر کے سوال کے جواب میں وزارت داخلہ کے تحریری جواب میں بتایاگیا ہے کہ پی ٹی آئی اے کے 2022 کے حالیہ لانگ مارچ کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے 33 کروڑ70 لاکھ سے زائد کے اخراجات آئے۔ کرائے کے کنٹینرز و گاڑیوں کے حوالے سے21 کروڑ 70لاکھ ،آنسو گیس و دیگر سامان کے حوالے سے 31لاکھ 59ہزار، کھانے پینے کے اخراجات کی مد میں 4 کروڑ 78 لاکھ92ہزار اور دیگر چار کروڑ59ہزار کے اخراجات شامل ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں بتایا گیا کہ اسلام آباد میں تفریح پارکوں کی کل تعداد 255 ہے۔ ان میں ورزش کیلئے جم،اسیکٹنگ بھی شامل ہے۔وزیر مملکت داخلہ کے مطابق2022 میں791 انسانی سمگلرز کو کارندوں کے ساتھ گرفتار کیا گیا اور2446 مقدمات درج کیے گئے۔
ایک اور سوال کے تحریری جواب میں بتایا گیا کہ اسلام آباد کے مختلف تھانوں کی جانب سے 414 گاڑیوں کو تحلیل میں لیا گیا اور نیلامی کیلئے متعلقہ مقام پر منتقل کردیا گیا 172 گاڑیاں مقدمات میں مطلوب جبکہ 242 ضبط کرلی گئیں۔ کل5824 موٹرسائیکل ضبط کیے گئے اور نیلامی کیلئے منتقل کردیاگیا۔ 68موٹرسائیکلیں مقدمات میں مطلوب تھیں۔ جبکہ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے رمیش لال کے سوال کے جواب میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ دو سالوں کے دوران اسلام آباد میں بیئر اور شراب کے 11003 لائسنس جاری کیے گئے اس مد میں 28 لاکھ 18ہزار روپے کی آمدن ہوئی۔