غیر جمہوری اور ملک دشمن رویے کا انجام اچھا نہیں ہوگا،لیاقت بلوچ


لاہور، ایبٹ آباد(صباح نیوز) نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ غیر جمہوری اور ملک دشمن رویے کا انجام اچھا نہیں ہوگا، عوام میں زہریلی تقسیم کے ذریعے قومی فہم اور سوچ و بچار کے دروازے بند کردیئے گئے ہیں۔

انہوں نے عباسیاں، بیروٹ ایبٹ آباد اور لاہور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومی سیاست قومی قیادت کے ذاتی مفادات، ذاتی انتقامی روِش اور آئین اور قیامِ پاکستان کے مقاصد سے متصادم و بے مقصد رویوں کی وجہ سے گرداب میں پھنس گئی ہے۔ عوام میں زہریلی تقسیم کے ذریعے قومی فہم اور سوچ و بچار کے دروازے بند کردیئے گئے ہیں۔ عام الناس کا ذہنی، فکری کردار آلودہ کیا جارہا ہے۔ قومی سلامتی اور اقتصادی استحکام کے لیے قومی قیادت کو ڈائیلاگ کرنا ہوگا۔ قومی ترجیحات پر سیاسی، دینی، سماجی اور ریاستی قیادت کو ایک پیج پر اکٹھا ہونے کے سِوا کوئی آپشن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن عوام کو مایوس کررہے ہیں، روزانہ کی بنیاد پر نیا تماشا، ناٹک سیاست دانوں کا چہرہ داغدار کررہا ہے، اس غیر آئینی، غیر جمہوری اور ملک دشمن رویے کا انجام اچھا نہیں ہوگا۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ خوبصورت، باوسائل پاکستان کھلنڈروں، مفادپرستوں اور کرپٹ عناصر کے گھیرا میں ہے۔ عالمی برادری میں پاکستان کا وقار خاک میں ملاکر بھکاری ملک بنادیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ عوامی سطح پر اخلاق، تہذیب، سیاسی، جمہوری، پارلیمانی روایات پامال کرکے انتہا پسندی، شدت اور انتقام کا ماحول پیدا کردیا گیا ۔ امریکہ اور عالمی استعماری اداروں کی غلامی سے نجات کے لئے سیاسی دعوے، بڑھکیں اور ہلڑبازی نہیں ملک کے اندر سیاسی، اقتصادی استحکام پیدا کرنا ہوگا۔ اسٹیبلشمنٹ نیوٹرل رہنے کا اعلان تو کررہی ہے لیکن 75 سال سے عوام ڈسے ہوئے ہیں۔ فوج، سِول بیوروکریسی کو پختہ عمل کے ساتھ عوامی اعتماد بحال کرنا ہوگا۔ ریاست اگر مکمل غیرجانبدارانہ، شفاف اور مال و دولت سے پاک انتخابات کرادے تو ملک و ملت کا حق ادا ہوگا۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعتِ اسلامی نے سیاسی، قومی، انتخابی محاذوں پر صاف ستھرا طویل المیعاد راستہ اختیار کیا ہے، ملک میں نظامِ مصطفےۖ کے نفاذ کے لیے جماعتِ اسلامی ملک گیر رابطہ عوام مہم چلائے گی۔ محبِ دین، محبِ وطن اور باصلاحیت افراد کو منظم کریں گے۔ پاکستان مں ہر طرح کی عالمی مداخلت اور سازشوں کا مقابلہ مستحکم سیاست، جمہوریت اور معیشت کے ذریعے ہی ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعتِ اسلامی کے کارکنان نے کورونا اور سیلاب 2022 میں عوام کی بے لوث خدمت کی ہے، ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لئے بھی جماعتِ اسلامی کے ورکرز انقلابی کردار ادا کریں گے۔