اسلام آباد(صباح نیوز)عالمی بینک سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے تناظرمیں ہنگامی کارروائیوں کے لیے پاکستان میں پہلے سے جاری منصوبوں سے 2 ارب ڈالر کے فنڈز فراہم کرے گا جبکہ ہنگامی صورتحال کے تناظرمیں اس سال تقریبا 1.5 ارب ڈالر کے فنڈز جمع کیے جائیں گے۔یہ بات پاکستان میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹرناجی بن حسائن نے ہفتہ کویہاں عالمی بینک کی ٹیم کے ہمراہ وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداسحاق ڈارسے ملاقات میں کہی۔وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداسحاق ڈارنے اس موقع پر کہاہے کہ حکومت ملک کودرپیش اقتصادی مسائل اورچیلنجوں کابخوبی علم ہے اورملکی ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کودورکرنے کیلئے حکومت عملی اقدامات کررہی ہے۔وزیر خزانہ نے ناجی بن حسائن اور ان کی ٹیم کا خیرمقدم کیا اورانہیں ان اقتصادی چیلنجوں اورمشکلات کے بارے میں آگاہ کیا جن کا ملک اس وقت سامنا کر رہا ہے۔ وزیرخزانہ نے کہاکہ حکومت معیشت کو پائیدار اور جامع نمو کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے عالمی بینک کی ٹیم کو ملک میں حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہی کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹرنے اسحاق ڈارکو وزیر خزانہ لامنصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور پاکستان میں عالمی بینک کے موجودہ پروگراموں اور مستقبل میں تعاون کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے وزیر خزانہ کو بتایا کہ بینک پاکستان کی مدد کے لیے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ہنگامی کارروائیوں کے لیے عالمی بینک کی مالی اعانت سے چلنے والے موجودہ منصوبوں سے 2 ارب ڈالر کے فنڈز مختص کر رہا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر اس سال تقریبا 1.5 ارب ڈالر کے فنڈز جمع کیے جائیں گے۔وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے اصلاحاتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے اور ملک کے لیے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد میں معاونت فراہم کرنے پر عالمی بینک کے کردارکوسراہا انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ادارہ جاتی اصلاحات اور اقتصادی ترقی کے لیے عالمی بینک کی جانب سے فراہم کی جانے والی مالی اور تکنیکی مدد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔وزیر خزانہ نے ناجی بن حسائن اور ان کی ٹیم کو پروگراموں کی بروقت تکمیل کے لیے پیشگی اقدامات کی یقین دہانی کرائی اور ان کی مسلسل حمایت اور سہولت پرانکا شکریہ ادا کیا ۔