واشنگٹن(صباح نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ فوج نے خود کو سیاست سے دور رکھا ہے، عہدے کی دوسری مدت پوری ہونے پر ریٹائرڈ ہو جاؤں گا۔
واشنگٹن میں غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے عہدے کی مقررہ مدت پوری ہونے پر ریٹائرمنٹ کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دوسری مدت پوری ہونے پر ریٹائرڈ ہو جاؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ اس بات کا اظہار پہلے بھی کیا جا چکا ہے۔ واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے میں ظہرانے کے موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ فوج نے خود کو سیاست سے دور رکھا ہے۔لاغر ملکی معیشت کو بحال کرنا معاشرے کے تمام طبقات کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ مضبوط معیشت کے بغیر قوم اپنے اہداف حاصل نہیں کر سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط معیشت کے بغیر کوئی سفارت کاری نہیں ہو سکتی۔