کور کمانڈرز کانفرنس، سلامتی صورتحال کا جائزہ،بیرونی اور داخلی سلامتی کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ


راولپنڈی (صباح نیوز) کور کمانڈرز کانفرنس میں قومی سلامتی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں 251 ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں بیرونی اور داخلی سلامتی کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

کانفرنس میں خاص طور پر سیلاب کی صورتحال اور ملک بھر میں آرمی فارمیشنز کی جانب سے جاری امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔فورم نے سیلاب متاثرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی امداد اور بحالی کے لیے زیادہ سے زیادہ مدد فراہم کرنے کا عزم کیا۔فورم نے سرحدوں کی صورتحال، داخلی سلامتی اور فوج کے دیگر پیشہ ورانہ امور پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے سلامتی کے ماحول کا ایک جامع جائزہ لیا۔ فورم نے عزم کیا کہ دہشت گردی کی بحالی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔۔ اس موقع پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بیماریوں کے پھیلا وکو روکنے کے اقدامات سمیت سیلاب متاثرین بالخصوص بچوں اور خواتین کو ہنگامی طبی امداد فراہم کرنے پر آرمی ڈاکٹرز اور پیرا میڈکس کی تعریف کی گئی۔

آرمی چیف نے ہنگامی بنیادوں پر اہم راستوں اور مواصلاتی ڈھانچے تک رسائی بحال کرنے پر بھی آرمی انجینیرز اور ایف ڈبلیو او کی بھی تعریف کی۔ سپہ سالار نے فارمیشنوں کو ہدایت کی کہ وہ ریلیف، بحالی، تعمیر نو پر توجہ دیں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں معمولات زندگی بحال کرنے میں مدد کریں۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فارمیشن کو تمام سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مل کر دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑنی چاہیے،  تمام فارمیشن کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے سخت چوکس رہیں،آرمی چیف نے یہ بھی کہا کہ دہشت گردی کی لہرکو دوبارہ نہیں ابھرنے نہیں دیا جائیگا۔ دہشت گردوں کیخلاف کارروائی میں کوئی کسرنہ اٹھا رکھی جائے ۔