پی ٹی آئی کو قرضوں کی دلدل میں پھنسا ہوا ملک ملا ، فرخ حبیب


فیصل آباد(صباح نیوز)وزیر مملکت  اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے کوشاں ہیں، 30,30 سال تک حکومت کرنے والوں نے ملک کو قرضوں کی دلدل میں دھکیلا۔ حکومت نے کاشتکاروں کی خوشحالی کیلئے کسان دوست پالیسی دی ، ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے  کیلئے بلین ٹری سونامی منصوبے کو عالمی سطح پر سراہا گیا ۔ منافع خوروں اورذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔

فیصل آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہاکہ پی ٹی آئی کو قرضوں کی دلدل میں پھنسا ہوا ملک ملا ۔ ملک دیوالیہ ہونے کے کنارے  پر تھا ۔ صرف 15 دن کے زرمبادلہ کے ذخائر تھے۔ پاور لومز بند تھیں ۔ ٹیکسٹائل انڈسٹری تباہ برباد تھی ۔ کسانوں کا استحصال ہورہا تھا۔

عام آدمی کی حالت زار انتہائی  ناگفتہ بہ تھی۔ سابقہ حکمرانوں نے ملک لوٹ کر بیرون ملک جائیدادیں  بنا رکھی تھیں ۔آج الحمد اللہ  ہمارے پاس 4 ماہ کا امپورٹ بل ادا کرنے  ڈالر موجود ہیں۔ آج ملکی برآمدات  بڑھ رہی ہیں  جو 25.4 ارب سے تجاوز کرگئی ہیں اس سال 30 ارب ڈالر کی برآمدات ہوں گی جو ایک تاریخی ریکارڈ ہے۔

آئی ٹی کی برآدات  پچھلے سال 2ارب ڈالرہوئیں اس سال 3 ارب ڈالر سے بڑھیں گی۔ ہم نے قانون بنایا آج شوگر ملوں والے کسانوں کے گھر جاکر کیش پر گنا اٹھارہے ہیں ۔ گندم کے کاشتکاروں کو500 ارب روپیہ اضافی ملا۔

آج سیمنٹ ، موٹرسائیکلوں ، گاڑیوں کی سیل ہورہی ہے ۔ مینوفیکچرنگ میں تیزی سے اضافہ ہورہاہے۔ نواز شریف دور میں پاور لومیں بند پڑی تھیں اور تنگ آئے مالکان نے 40 روپے کلو کے حساب  سے بیچنے  کے بینر لگا رکھے تھے آج ملکی حالات  بہتری کی طرف جارہے ہیں ہماری پیداوار روز بروز بڑھ رہی ہے ۔

وزیراعظم عمران خان  ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے کوشاں ہیں ۔ پاکستان کو انڈسٹریلائزیشن کررہے ہیں کورونا کے دوران حکومت نے بہتر حکمت عملی اپنائی جس کی پوری دنیا معترف ہے آج پاکستان میں زندگی معمول کے مطابق چل رہی ہے۔ 10 کروڑ لوگوں کو کورونا ویکسین بھی لگائی جاچکی ہے ۔ ہمارا احساس پروگرام دنیا کے پروگراموں میں چوتھے نمبر پر ہے۔

ماحولیاتی آلودگی کو ختم کرنے کیلئے 10ارب درخت لگانے کے ہمارے منصوبے کی دنیا تعریف کررہی ہے۔

نواز شریف اور زرداری انٹرنیشنل چور اور ڈاکو مشہور ہیں جبکہ وزیراعظم عمران خان  کی برطانوی   وزیراعظم نے اقوام متحدہ میں کھڑے ہوکر تعریف کی ۔ 31 دسمبر کو پنجاب کے ہر شہری کو ہیلتھ کارڈ ملنا شروع ہو جائیں گے۔ جس کے تحت آدمی 10 لاکھ روپے کا کسی بھی ہسپتال سے مفت علاج کرسکے گا۔ وزیراعظم عمران خان کو غریب کا احساس ہے۔ مہنگائی عالمی مسئلہ ہے مہنگائی دنیا کے تمام ممالک میں ہے۔

وزیراعظم نے غریبوں کا احساس کرتے ہوئے راشن کارڈ لائے ہیں اس کیلئے 120 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ 2کروڑ رجسٹرڈ خاندانوں کو ایک ہزار ماہوار سبسڈی  فراہم کی جائے گی۔ وزیراعظم نے مافیازکا مقابلہ کیا۔

مافیاز نے چینی 150 روپے فی کلو تک لے جانے کی کوشش کی مگر ان کی گرفت کرکے چینی عوام تک پہنچائی گئی ۔ آج چینی 90 روپے فی کلو دستیاب ہے۔ کامیاب نوجوان پروگرام کے تحت  نوجوانوں کو 100 ارب روپے کے قرضے دئیے جارہے ہیں تاکہ وہ کاروبار کرسکیں۔ عمران خان کو لندن میں اپنے محلات بنانے  کی فکر نہیں ہے جبکہ نواز شریف اور آصف زرداری کو اپنے بچوں کی سوچ ہے ان کا جینا مرنا پاکستان سے باہر ہے جبکہ وزیراعظم عمران خان کرکٹ سے کمائی دولت پاکستان لائے ہیں ان کو غریب کوگھر بنا کر دینے کی فکر ہے۔

آج پہلی بار کم آمدن والوں کیلئے 90 ارب روپے کے قرضے منظور ہوچکے ہیں جبکہ 25 ارب روپیہ تقسیم کیا جاچکا ہے۔ بے گھروں کو گھر دینے کا خواب عمران خان پوراکررہا ہے۔ آج بینک لوگوں کو گھر بنانے کے لئے قرضے دے رہے ہیں۔

مشکلات ضرور ہیں لیکن ان کے خاتمے کا وقت آپہنچا ہے۔ ملک میں بتدریج تبدیلی آرہی ہے۔ کامیاب پروگرام سے غریب کے حالات بدلیں گے ۔ ووٹ کو عزت دو کی بات کرنے والوں نے 2,2 ہزار روپے میں ووٹ خریدے۔ لوگوں کے ضمیر خریدنے والوں کوشرم آنی چاہیے۔ انشاء اللہ عوام کے ساتھ مل کر ملکی حالات ٹھیک کریں گے۔