اسلام آباد( صباح نیوز)مبینہ امریکی سائفر سے متعلق سابق وزیراعظم عمران خان کی آڈیو بھی سامنے آ گئی ۔ ملک میں اعلی شخصیات کی خفیہ گفتگو افشا ہونے کے سلسلے میں ایک اور آڈیو کا اضافہ ہوگیا ، سائفر کے معاملے پر عمران خان اور ان کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کی آڈیو سامنے آگئی ۔
مبینہ آڈیو میں اعظم خان نے معاملے کو اٹھانے اور نیا رنگ دینے کیلئے میٹنگ بلانے پر زور دیا ہے،اعظم خان میٹنگ کے منٹس اورانہیں اپنے طریقے سے ڈاکیومنٹ کرنے کا پلان بتا رہے ہیں۔عمران خان سائفر کے معاملے پر اعظم خان کو حکمت عملی بتا رہے ہیں۔ آڈیو میں عمران خان کو کہتے سنا جا سکتا ہے کہ سائفر پر اب ہم نے صرف کھیلنا ہے، امریکا کا نام نہیںلینا ، بس صرف یہ کھیلنا ہے کہ اس کے اوپر یہ ڈیٹ پہلے سے تھی جس پر اعظم خان نے جواب دیا کہ میں یہ سوچ رہا تھا کہ اس سائفر کے اوپر ایک میٹنگ کر لیتے ہیں۔آڈیو میں اعظم خان کو کہتے سنا جا سکتا ہے آپ کو یاد ہے تو آخر میں ایمبیسڈر نے لکھا تھا کہ ڈیمارچ کریں، اگر ڈیمارچ نہیں بھی دینا تو میں نے سوچا ہے کہ اس کو کور کیسے کرنا ہے؟ ایک میٹنگ کریں شاہ محمود اور فارن سیکرٹری کی جس میں شاہ محمود لیٹر پڑھ کر سنائیں گے اور وہ جو بھی پڑھ کر سنائیں گے اس کو کاپی میں بدل دیں گے وہ میں منٹس میں کر دوں گا، فارن سیکرٹری نے یہ چیز بنا دی ہے۔
لیک آڈیو میں اعظم خان کہہ رہے ہیں کہ سفارتی زبان میں اسے دھمکی کہتے ہیں، دیکھیں منٹس تو پھر میرے ہاتھ میں ہیں اپنی مرضی سے منٹس ڈرافٹ کرلیں گے، عمران خان پوچھتے ہیں کہ پھرکس کس کو بلائیں اس میں؟ جس پر اعظم خان کہتے ہیں کہ شاہ محمود قریشی، میں اور سہیل ہوں گے، چیئرمین پی ٹی آئی جواب میں کہتے ہیں ٹھیک ہے کل ہی کرتے ہیں۔اعظم خان کہہ رہے ہیں کہ وہ چیزیں ریکارڈ میں آجائیں، آپ یہ دیکھیں کہ وہ قونصلیٹ فار اسٹیٹ ہیں، وہ پڑھ کرسنائے گا میں کاپی کرلوں گا آرام سے تو آن ریکارڈ آجائے گا کہ یہ چیز ہوئی ہے، آپ فارن سیکرٹری کوبلائیں تاکہ ریکارڈ پر آ جائے۔لیک ہونے والی آڈیو میں عمران خان کہہ رہے ہیں کہ نہیں تو اس نے ہی لکھا ہے سفیرنے، جس پر اعظم خان کہہ رہے ہیں کہ ہمارے پاس توکاپی نہیں ہے ناں یہ کس طرح انہوں نے نکال دیا۔چیئرمین تحریک انصاف کہہ رہے ہیں کہ یہ یہاں سے اٹھی ہے اس نے اٹھائی ہے لیکن فارن سازش بنا دیتے ہیں۔یاد رہے کہ چند روز قبل وزیراعظم ہاس میں ہونے والے ایک اہم اجلاس کی آڈیو بھی لیک ہوئی تھی جس پر وزیراعظم شہباز شریف نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کر رکھا ہے۔