اسلامی نظریاتی کونسل کم عمری کی شادی کی روک تھام پر کام کر رہی ہے، علامہ طاہر اشرفی


کراچی(صباح نیوز)وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین مذاہب ہم آہنگی علامہ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ اسلامی نظریاتی کونسل کم عمری کی شادی کی روک تھام پر کام کر رہی ہے،شادی کے حوالے سے اسلام نے بیٹیوں کو بھی حق دیا ہے، کزن سے شادی پر بھی اب رائے لینا ضروری ہے۔

کراچی میں کم سنی کی شادی اور صحت کے مسائل سے متعلق قومی مذاکرے سے خطاب کرتے ہوئے علامہ طاہراشرفی کا کہنا تھا کہ کم سنی کی شادی سے بچے اور ماں کی صحت پر بھی اثر پڑتا ہے۔

علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ لڑکی شادی کے بعد تین گھر دیکھتی ہے اور شادی کے حوالے سے اسلام نے بیٹیوں کو بھی حق دیا ہے، اسلام میں بھی عاقل اور بالغ کے لیے شادی کا ذکر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگ بضد رہتے ہے کہ خاندان سے باہر شادی نہیں کرنی، رسم و رواج اور روایات سے ہٹ کر بچوں کی شادی کرنی چاہیے۔

وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی کا یہ بھی کہنا تھا کہ والدین پر ذمہ داری ہے کہ بچوں کو شادی کے حوالے آگاہی دیتے رہیں اور میڈیا پر بھی کم عمری کی شادی سے متعلق تقاریب ہونی چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا اسلام تو جبری مذہب تبدیلی کے بھی خلاف ہے، اسلام نام ہی سلامتی کا ہے اور بچیوں کو اسلام میں تحفظ حاصل ہے، کزن سے شادی پر بھی رائے لینا ضروری ہے۔

علامہ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ اسلامی نظریاتی کونسل کم عمری کی شادی کی روک تھام پر کام کر رہا ہے۔