مظلوموں کو ان کا حق دینے میں پس و پیش ظلم کی انتہا ہے۔ حافظ محمد ادریس


لاہور(صباح  نیوز)مرکزی رہنما جماعت اسلامی حافظ محمد ادریس نے جامع مسجد منصورہ میں خطبہ جمعہ کے دوران کہا  ہے کہ سیلاب بڑی آزمائش ، قوم اجتماعی توبہ کرے۔ جمعہ کے دن ایک گھڑی قبولیت کی دعا کی ہوتی ہے، اللہ تعالیٰ سیلاب متاثرین اور عالم اسلام میں مظلوم مسلمانوں کی مدد فرمائے۔ ملک میں پریشانیوں کی بڑی وجہ نااہل حکمران ہیں جو صرف اپنے لیے سوچتے ہیں اور انھیں عوام کی کوئی پروا نہیں۔ حکمران فوٹو سیشن کی بجائے متاثرین کی مدد کریں۔ امداد حکمرانوں کے گوداموں میں اور پسند ناپسند کی بنیادوں پر تقسیم نہیں ہونی چاہیے۔ اس امداد کو روکے رکھنا سیلاب زدگان کے ساتھ ظلم اور ان کی حق تلفی ہے۔سیلابی علاقوں میں بڑے پیمانے پر بیماریاں پھوٹ رہی ہیں اور آنے والے دنوں میں بحران مزید شدت اختیار کرے گا۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ادویات اور میڈیکل کیمپس کا فی الفور بندوبست کریں۔ مصیبت زدگان کی بحالی کے لیے سنجیدگی کے ساتھ منصوبہ بندی کی اشد ضرورت ہے۔ سردیوں کے موسم میں یہ مظلوم لوگ کھلے آسمان کے نیچے کیسے زندہ رہیں گے۔

حافظ محمد ادریس نے کہا کہ حکمرانوں اور انتظامیہ کی نااہلی کی وجہ سے عوام مہنگائی کی مصیبت میں بری طرح گرفتار ہیں۔ ہر روز قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔ بجلی کے بلوں میں بے پناہ اضافہ نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ تنخواہ دار طبقہ اور سفید پوش شہری بل ادا کریں یا راشن کا انتظام کریں۔ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں نے لوگوں کی قوت خرید ختم کر دی جس کی وجہ سے چولھے ٹھنڈے اور پیٹ خالی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ حکمران ہوش کے ناخن لیں، عوام کو بنیادی حقوق کی فراہمی یقینی بنائیں ورنہ حالات اتنے خراب ہو جائیں گے کہ بالائی طبقوں اور بااختیارات قوتوں کو کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔