اسلام آباد(صباح نیوز)حالیہ بارشوں اور سیلاب نے ملک بھر میں مزید 22افراد کی جان لے لی، کل تعداد 1508 ہو گئی ، سب سے زیادہ سندھ میں 646 خیبرپختونخوا میں 306 اور بلوچستان میں 294 اموات رپورٹ ہوئیں،12 ہزار756 افراد زخمی ہو گئے۔
ملک بھر میں 81 اضلاع سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق چوبیس گھنٹوں میں مزید 22 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، جس کے بعد ملک بھر میں 14 جون سے اب تک بارشوں کے باعث 1508 افراد جاں بحق ہو گئے۔ سندھ میں سب سے زیادہ 646 افراد لقمہ اجل بنے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 664 مرد308 خواتین اور536بچے شامل ہیں
رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں کل 12 ہزار 756 افراد زخمی ہوئے۔ سندھ زخمیوں میں سرفہرست ہے جہاں یہ تعداد 8ہزار 3 سو 21 ہو گئی،پنجاب 3858 افراد زخمی ہوئے۔
این ڈ ایم اے کے مطابق ملک بھر میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے12 لاکھ 15 ہزار398 گھروں کو جزو ی نقصان پہنچا اور 581521 گھر مکمل تباہ ہوئے۔ اس دوران 390 پل جبکہ 12718 کلو میٹر سڑک کو نقصان پہنچا۔ ملک بھر میں 9 لاکھ سے زائد مویشیوں کو حالیہ بارشوں اور سیلاب میں نقصان ہوا۔ رپورٹ کے مطابق دریائے سندھ میں کوٹرے کے مقام پر تاحال درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔