وفاق کی نااہلی کی وجہ سے ملک میں گندم اور آٹے کا بحران پیدا ہو گیا، شاہ محمود قریشی


ملتان(صباح نیوز)  پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وفاق کی نااہلی کی وجہ سے گندم اور آٹے کا بحران پیدا ہو گیا ہے۔شہبازحکومت 5 ماہ سے سو رہی ہے،4 روپے 34 پیسے مزید بجلی کا یونٹ بڑھا دیا گیا۔

سابق وزیر خارجہ  اور پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جاپان کی ایک کمپنی نے ملتان کے لیے ڈیڑھ ارب کی گرانٹ دی ہے جس کی وجہ سے واسا کی مشینری میں کمی کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف ملتان ایر پورٹ سے تونسہ جائیں گے اور سیلاب متاثرین سے ملاقات کریں گے، عمران خان نے 2 ٹیلی تھون کیے جس میں عوام نے عمران خان پر اعتماد کا اظہار کیا اور اربوں روپے دیئے۔ اب عمران خان جلد تیسری ٹیلی تھون بھی کریں گے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سیلاب زدگان کے لیے جمع گیے گئے پیسےثانیہ نشتر حق داروں تک پہنچانے کے لیے نگرانی کر رہی ہیں، پاکستانیوں اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے عمران خان کے اکاؤنٹ میں پیسے بھیجے لیکن وزیر اعظم کے اکائونٹ میں نہیں بھیجے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی ٹیلی تھون کے دوران چینلز بند کیے گئے حکومت کو ایسی رکاوٹیں نہیں ڈالنی چاہئیں۔ الیکشن کمیشن نے 48 گھنٹے پہلے انتخابات ملتوی کر دیئے لیکن اب الیکشن کمیشن 9 اکتوبر سے دو دن پہلے یا دو دن بعد الیکشن کروا لے۔  سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ 9 اکتوبر کو عید میلاد النبیۖ ہے اس دن الیکشن کروانا ٹھیک نہیں، الیکشن کمیشن کو تاریخ رکھنے سے پہلے عید میلاد النبیۖ کے دن کا خیال کرنا چاہیے تھا یہ پاکستان کا الیکشن ہے ہندوستان کا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ گندم اور آٹے کا بحران وفاق کی نااہلی کی وجہ سے پیدا ہو چکا ہے اور عمران خان نے اس بحران سے بچنے کے لیے روس سے سستی گندم کا مطالبہ کیا تھا، روس سے سستی گندم مل جاتی تو آٹا مہنگا نہ کرنا پڑتا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے سندھ میں اگلی فصل لگنے کا بھی امکان نہیں اور وفاقی حکومت 5 ماہ سے سو رہی ہے، 4 روپے 34 پیسے مزید بجلی کا یونٹ بڑھا دیا گیا ہے۔