سام سنگ نے سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے الخدمت فاؤنڈیشن کو ایک کروڑ 80 لاکھ روپے کاامدادی چیک پیش کردیا


لاہور(صباح نیوز)نامور الیکٹرانکس برانڈ سام سنگ بھی سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے میدان میں آگیا۔

سام سنگ نے مصیبت زدہ سیلاب متاثرین کے لئے الخدمت فاؤنڈیشن کو 1 کروڑ 80 لاکھ روپے کی امدادی رقم عطیہ کردی۔

یہ رقم متاثرہ علاقوں میں واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب،موبائل کلینک، ادویات ودیگر طبی آلات،خیموں اور خوراک کی فراہمی کے لئے خرچ کی جائے گی۔

سام سنگ کے وفد نے الخدمت کمپلیکس کا دورہ کیا اور امدادی رقم کا چیک الخدمت ذمہ داران کے حوالے کیا۔

اس موقع پر صدر الخدمت فاؤنڈیشن وسطی پنجاب اکرام الحق سبحانی، جنرل سیکرٹری رانا عثمان ودود اورسام سنگ کمپنی کے ذمہ داران موجود تھے۔

سام سنگ کے وفد نے کہا کہ ملک میں جاری حالیہ سیلابی صورت حال نے اس وقت پوری قوم کو ہلاکر رکھ دیا ہے۔ ایسے میں سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے الخدمت فاؤنڈیشن کی بے لوث خدمات قابلِ ستائش ہیں۔

سام سنگ مستقبل میں بھی بلوچستان، سندھ اور جنوبی پنجاب کے سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے الخدمت فاؤنڈیشن کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی۔

اس موقع پر اکرام الحق سبحانی نے کہا کہ مخیر حضرات، عام پاکستانیوں اور اب سام سنگ جیسے ادارے سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے الخدمت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کررہے ہیں اور امدادی مہم میں خوب بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ہم اس قوم کے اس اعتماد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔