جماعت اسلامی کی جدوجہد ملک میں قرآن و سنت کا نظام نافذ کرنا ہے،حافظ محمد ادریس



لاہور(صباح نیوز)مرکزی رہنما جماعت اسلامی حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کی جدوجہد ملک میں قرآن و سنت کا نظام نافذ کرنا ہے ۔اس کام کے لیے ہر شخص کو اپنے حصے کا دیا روشن کرنا ہو گا۔سیلاب بڑی آزمائش، قوم اجتماعی توبہ کرے۔الخدمت فاؤنڈیشن کے ہزاروں رضاکار سیلاب زدہ علاقوں میں اپنے مصیبت زدہ بھائیوں کی مدد کررہے ہیں۔ عوام کو ریلیف اور عدل و انصاف مہیا فراہم کرنا حکمرانوں کی ذمہ داری ہے لیکن ان کی غفلت عیاں ہے ۔ حکمران جماعتیں، وڈیرے اور جاگیردار اپنی مرضی کے مطابق امداد کی تقسیم چاہتے ہیں۔ نااہل حکمران مصیبت کی گھڑی میں بھی قوم کے مسائل کا کوئی حل نہیں نکال سکے۔

ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے گزشتہ روز جماعت اسلامی ڈیفنس سرکل لاہور کینٹ کے زیر اہتمام دعوتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ محمد اقبال ملک کی رہائشگاہ پر ہونے والے اجلاس میں سیکرٹری ڈیفنس سرکل جماعت اسلامی محمد بلال ڈوگر، میاں وقاص وحید ناظم دعوت و تربیت ڈیفنس سرکل سمیت جماعت اسلامی کے ذمہ داران کے علاوہ اہل علاقہ و معززین کی کثیرتعداد نے شرکت کی۔

حافظ محمد ادریس کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کی آپسی لڑائیوں نے سیلاب زدہ متاثرین مشکلات میں مزید اضافہ کردیا۔ سیلاب زدہ علاقوں میں ادویات کی شدید قلت ہے ۔ حکومت متاثرین کو بنیادی اشیا اور ادویات کی فراہمی کو یقینی بنائے۔ ہماری امدادی سرگرمیوں کو پوری دنیا میں سراہا جا رہا ہے۔