سلمان شہباز کے بینک اکاؤنٹس منجمد نہ کرنے پر بینک افسران کو شوکاز نوٹس


لاہور (صباح نیوز)لاہور کی سینٹرل عدالت نے عدالتی حکم کے باوجود منی لانڈرنگ کیس میں وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف کے صاحبزادے سلمان شہباز شریف کے بینک اکاؤنٹس منجمد نہ کرنے پر بینک افسران کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر17ستمبر کو طلب کر لیا ۔

اسپیشل کورٹ سینٹرل نے سلمان شہباز کے13بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا ہے۔ عدالت نے عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ کرنے والے بینک افسران کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے اپنے تحریری حکم میں کہا ہے کہ عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ کرنے پر کیوں نہ بینک افسران کے خلاف فوجدار ی کاروائی عمل میں لائی جائے۔

عدالت نے بینک افسران کو 17ستمبر کو ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہونے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ بینکوں کو اشتہاری ملزمان کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کا واضح حکم دیا گیا تھا،

عدالتی حکم کے حوالے سے تفتیشی افسر نے بھی بینکوں کو آگاہ کیا تھا لیکن بینکوں نے عدالتی حکم پر عملدرآمد کرنے کی بجائے اشتہاری سلمان شہباز کے بینک اکاؤنٹس کی صرف تفصیلات فراہم کی ہیں اور انہیں منجمد نہیں کیا۔

تحریری حکم یہ بھی کہا گیا کہ بینکوں کے افسران عدالتی حکم پر عملدرآمد کرنے میں ناکام رہے ہیں لہذا بینک افسران آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش ہوں۔ عدالت نے ایف آئی اے کی جانب سے سلمان شہباز کے 13نئے بینک اکاؤنٹس کے حوالے پیش کردہ تفصیلات کی روشنی میں ان بینک اکاؤنٹس کو بھی منجمد کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔ عدالت کیس کی مزید سماعت 17ستمبر کو کرے گی۔