سکھر(صباح نیوز)اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت موسمیاتی تبدیلی کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہے، عالمی برادری کو مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دینا چاہیے۔
دورہ سکھر کے دوران اپنے خطاب میں یو این سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ پاکستان میں سیلابی صورتحال کی سنجیدگی کا احساس ہے، پاکستان میں سیلاب سے نقصانات کا فضائی جائزہ لیا، صورتحال دیکھ کر افسوس اور دکھ ہوا، پاکستان میں سیلاب متاثرین نے جانی ،مالی اور ہر قسم کی قربانیاں دیں، سیلاب سے بڑے پیمانے پر نقصانات کے ازالے کے لیے پاکستان کو بڑی رقم کی ضرورت ہے۔قدرتی آفات سے مزاحمت نہیں کی جاسکتی مگر موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے اقدامات ہو سکتے ہیں،اقوام متحدہ کی جانب سے وسائل میں رہتے ہوئے پاکستان کی ہر ممکن مدد کی جائیگی۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں مسلسل آنے والی آفات کی وجہ موسمیاتی تبدیلی ہے اور ان چیلنجز سے نمٹنے کے لئے عالمی برادری کوکردار ادا کرنا ہوگا،دنیا کو پاکستان میں سیلاب متاثرین کی بحالی تک تنہا نہیں چھوڑنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے کے لئے اقدامات کی ضرورت ہے۔اس موقع پر یو این سیکرٹری جنرل اور وزیراعظم کو سکھر میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے متعلق بریفنگ پیش کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ میں رواں سال مون سون کی معمول سے زائد بارشیں ہوئیں جو کہ سیلابی صورتحال اختیار کر گئیں اور جس کی وجہ سے سندھ اوربلوچستان بہت متاثر ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں سیلاب سے537سے زائدافرادجاں بحق ہوئے ہیں جبکہ بڑے پیمانی پراملاک کوبھی نقصان پہنچا ہے اور فصلوں اورلائیوسٹاک کو بھی نقصان پہنچا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد بحالی کا عمل شروع کردیا ہے تاہم سیلاب متاثرین کی بحالی بہت بڑا چیلنج ہے۔
خیال رہے کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس اور وزیراعظم شہباز شریف نے سندھ کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا فضائی دورہ بھی کیا ہے،اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ نے وزیر اعظم شہباز شریف اور سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس کا سکھر ایئر پورٹ پر استقبال کیا، بلاول بھٹو، احسن اقبال، مریم اورنگزیب بھی وزیر اعظم اور یو این سیکرٹری کے ہمراہ تھے۔