عوام کو عدل و انصاف مہیا کرنا حکمرانوں کی ذمہ داری ہے، حافظ محمد ادریس


لاہور(صباح نیوز)مرکزی رہنما جماعت اسلامی حافظ محمد ادریس  نے کہا ہے کہ قرآن اور نبی مہربانۖ کا اسوہ حسنہ ہمارے لیے بہترین نمونہ ہیں۔ ختم نبوت ہمارے ایمان کا حصہ اور اس کا دفاع کرنا ہر مسلمان کا فرض ہے۔ عوام کو عدل و انصاف مہیا کرنا حکمرانوں کی ذمہ داری ہے۔ سیلاب بڑی آزمائش، قوم اجتماعی توبہ کرے۔ سیلاب متاثرین میں امداد کی شفاف تقسیم بہت بڑا چیلنج ہے۔ حکمران جماعتیں، وڈیرے اور جاگیردار اپنی مرضی کے مطابق امداد کی تقسیم چاہتے ہیں۔ نااہل حکمران مصیبت کی گھڑی میں بھی قوم کے مسائل کا کوئی حل نہیں نکال سکے۔ حکمرانوں کی آپسی لڑائیوں نے سیلاب زدہ متاثرین مشکلات میں مزید اضافہ کردیا۔ جماعت اسلامی کی جدوجہد ملک میں قرآن و سنت کا نظام نافذ کرنا ہے۔ اس کام کے لیے ہر شخص کو اپنے حصے کا دیا روشن کرنا ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جامع مسجد منصورہ میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے کیا۔حافظ ادریس نے کہا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں بیماریاں پھوٹ رہی ہیں اور ادویات کی شدید قلت ہے ۔ حکومت متاثرین کو بنیادی اشیا اور ادویات کی فراہمی کو یقینی بنائے۔ الخدمت فاؤنڈیشن اور جماعت اسلامی کے ہزاروں کارکنان نے جس جذبہ سے ریلیف کے کاموں میں حصہ لیا اس کی مثال نہیں ملتی۔ ہماری امداد سرگرمیوں پوری دنیا میں سراہا گیا۔ انھوں نے کہا کہ الخدمت کے رضاکاروں نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر متاثرین کو ریسکیو کیا ہے۔