الیکشن ملتوی کرنے کیلئے پیش کئے گئے جواز کو تسلیم نہیں کرتے، شاہ محمود قریشی


اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم الیکشن کمیشن کے جواز کو تسلیم نہیں کرتے۔

انہوں نے ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں، وقت آئے گا اور بہت سی چیزیں بے نقاب ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ این اے 157 کے ضمنی انتخاب میں 2 روز باقی تھے کہ اسے ملتوی کر دیا گیا، الیکشن کمیشن نے سیلاب کو جواز بنا کر الیکشن ملتوی کیا جبکہ یہاں کوئی سیلاب نہیں، پیپلز پارٹی کی پوزیشن پر پردہ ڈالنے کے لیے یہ اقدام اٹھایا گیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جتنے بھی پولنگ سٹیشن کی ملتان میں نشاندہی کی گئی تھی سب قائم ہیں کہیں پانی نہیں کھڑا، الیکشن میٹریل تیار ہو کر تقسیم ہونا شروع ہو چکا تھا، الیکشن کمیشن کی غیر جانبداری پر ہمیں تحفظات تھے اور اب بھی ہیں۔

سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ اگر لوگ بلے پر مہر لگانا چاہتے ہیں تو پولنگ  سٹیشن آگے پیچھے بھی کر لیں لوگ ووٹ ڈالنے آئیں گے، الیکشن ملتوی کرنے کا الیکشن کمیشن نے جواز دیا تھا میں اس جواز کو تسلیم نہیں کرتا۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ انتخاب ملتوی کرنے کا ایک ہی لاجک ہے وہ ہے سیاسی لاجک، چشتیاں اور شیخوپورہ میں بھی کہیں سیلاب دکھائی نہیں دیتا وہاں بھی الیکشن ملتوی کردیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، یہ الیکشن موسیٰ گیلانی کے لیے واک ان دا پارک نہیں تھا، بلاول حکومت کا حصہ ہیں مگر مچھ کے آنسو نہ بہائیں، بلاول اپنے وزیر اعظم اور کابینہ سے پوچھیں کہ یہ سب کیوں ہوا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بلاول بھٹو بذریعہ گاڑی اندرون سندھ جائیں اور لوگوں سے ان کے مسائل پوچھیں، جن کی کانپیں ٹانگتی ہیں وہ باہر نکلیں بغیر سکواڈ کے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں کچھ نا کچھ پک رہا ہے، ہم عدلیہ کا بے حد احترام کرتے ہیں، عدلیہ نے اپنی معاونت کے لیے دو سینئرز وکلا کو بلایا دونوں کے دلائل کا نچوڑ تھا کہ عمران خان کا کیس ختم ہونا چاہیے۔