کسی شخص کو نااہل کر کے سیاست ختم نہیں کی جا سکتی، شیخ رشید


اسلام آباد(صباح نیوز)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اورسابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کسی شخص کو نااہل کرکے یا جیل بھیج کر سیاست ختم نہیں کرسکتے۔

سیشن کورٹ اسلام آباد کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان کا کیس لیگل ٹیم دیکھ رہی ہے، میرا خیال ہے کہ کسی شخص کو نااہل کرکے جیل بھیج کر سیاست ختم نہیں کرسکتے۔ ہمیں بھی 7،7 سال جیل بھیجا گیا ،ہماری سیاست آج بھی قائم ہے،یہ ہمیں جیل بھیجیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ،جیل ہمارا سسرال، ہتھکڑی ہمارا زیور اور موت ہماری محبوبہ ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو معلوم ہی نہیں کہ سیلاب کا پانی کہاں تک جاچکا ہے۔عدالت میں ہر ہفتے کسی نہ کسی وجہ سے آنا پڑتا ہے، چیف جسٹس ہائیکورٹ سے گزارش ہے عدالت میں آنے کی اجازت دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم الیکشن سے بھاگ رہی ہے، لوڈ شیڈنگ بڑھ گئی ہے حکومت کے پاس کچھ نہیں، یہ صرف سیلاب سیلاب کھیل رہے ہیں۔

سابق وزیر نے کہا کہ وزیرخارجہ بلاول بھٹو کو توفیق نہیں ہوئی کی دفتر جاسکیں، مولانا فضل الرحمان کو معلوم ہی نہیں کہ سیلاب کا پانی کہاں تک جاچکا ہے۔۔