کروڑوں متاثرین کی بحالی بڑا معرکہ،قوم انصارمدینہ کی سنت زندہ کرے ،ڈاکٹرطارق سلیم


راولپنڈی ( صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاہے کہ عوام اوراہل خیرکا اعتماد جہاں فخرکاباعث ہے وہیں ذمہ داران وکارکنان کی ذمہ داریاں بھی بڑ ھ گئی ہیں جماعت اسلامی اورالخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکاروں نے جان ہتھیلی پررکھ کرمتاثرین کی خدمت کا فریضہ سرانجام دیا،جب ٹیکنالوجی اور ٹریننگ ناکام ہوئی تووہاں الخدمت اور جماعت اسلامی کے رضاکاروں کاایمانی جذبہ اور اعتمادلاکھوں انسانی زندگیاں بچانے کا باعث بنا۔ریسکیوکے بعد ریلیف اور متاثرین کی بحالی ایک بڑا معرکہ ہے اس کے لیے پوری قوم کونئے عزم کے ساتھ انصارمدینہ کی سنت زندہ کرتے ہوئے اپنے مال کی قربانی دینا ہوگی۔

ان خیالات کااظہارانھوں نے جماعت اسلامی والخدمت فاؤنڈیشن ٹیکسلا کے کارکنان کی جانب سے جمع کئی گئی50لاکھ روپے مالیت رقم کی، چیک وصولی تقریب اوربعدازاں ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

تقریب میں صوبائی سیکرٹر ی جنرل اقبال خان ،امیرضلع سیدعارف شیرازی ،صدرجماعت اسلامی لیبرپاکستان شمس الرحمن سوا تی ،بزرگ رہنماخواجہ محمدوقارخان سمیت دیگرمقامی ذمہ داران وکارکنان اورعوام الناس بھی شریک ہوئے۔

ڈاکٹر طارق سلیم نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب عوامی خزانے خرچ کرکے عمران خان کی ملازمت کی بجائے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں، کروڑوں متاثرین ریلیف اور بحالی کے منتظرہیں لیکن وزیراعلی سیاسی جلسوں کی میزبانی میں مصروف ہیں ،اسلام آباد ہائیکورٹ میں توہین عدالت کے ملزم کی پیشی پرعوام کے ٹیکسوں سے دوڑے والی گاڑیوں کا کانوائے لے کرپہنچ جانا افسوسناک ہے ۔