کراچی ( صباح نیوز)حلقہ خواتین جماعت اسلامی ضلع کیماڑی کے تحت اجتماع کارکنان منعقد کیا گیا جس میں کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
جماعت اسلامی پاکستا ن حلقہ خواتین کی ڈپٹی سیکریٹری عطیہ نثار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فتنہ دجال آ پہنچا ہے۔ جو وقت بہت دور لگتا تھا اب وہ بہت قریب محسوس ہوتا ہے۔ اپنی اجتماعیت کومضبوط کرنا ہو گا کیونکہ ہمیں فتنے اور شیطان کا ہدف نہیں بننا اور اس سے بچنے کے لیے قرآن سے تعلق جوڑنا ہوگا۔ ہمیں رکنا نہیں ہے۔ اپنے حصے کا کام پہلے سے زیادہ کرنا ہے۔
علاوہ ازیں پروگرام میں اوپن ڈسکشن ہوا۔ جس میں شرکا ء نے حالات حاضرہ کے حوالے سے سوالات کیے اور ناظمات علاقہ نے ان کے جوابات دیے۔ اجتماع کارکنان میں ناظمہ کراچی اسما ء سفیر نے کارکنان کی بہترین طریقے سے رہنمائی کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن آج ہوں یا کل ہمیں اپنے حصے کا کام کرتے رہنا ہے۔
الیکشن ملتوی ہونے سے اللہ نے ہمیں ایک اور موقع دیا ہے کہ ہم اپنی دعوت کو مزید پھیلا سکیں کیونکہ ہمارا اصل مقصد اقامت دین ہے۔ اجتماع میں اسما ء سفیر نے قائم مقام کی حیثیت سے آسیہ جمیل سے ناظمہ ضلع کیماڑی کا حلف لیا۔سابقہ ناظمہ ضلع کیماڑی نفیسہ رکن الدین کی دعا سے پروگرام کا اختتام ہوا۔