الخدمت فاؤنڈیشن سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے۔ ام کلثوم رانجھا


لاہور(صباح نیوز)صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ویمن ونگ ام کلثوم رانجھا نے کہا ہے کہ الخدمت فاؤنڈیشن سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے۔ ہزاروں رضا کار خواتین ریلیف کے کام میں حصہ لے رہی ہیں ۔سکھر میں سیلاب اور بارشوں سے متاثرہ افراد کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے دریائے سندھ کے کنارے ٹینٹ سٹی میں فیلڈ ہسپتال قائم کیا گیا ہے جہاں مریضوں کو بڑی تعداد میں مفت طبی سہولیات فراہم کیا جارہی ہیں۔ اسکن اسپیشلسٹ، گائنا کالوجسٹ  اور جنرل فزیشنز کی زیرِ نگرانی اس فیلڈ ہسپتال میں روزانہ کم و بیش 6سو مریضوں کا علاج کیا جارہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ کے ہیڈ آفس منصورہ سے امدادی سامان کی روانگی کے موقع پرکیا۔سیلاب اور بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں الخدمت فاؤنڈیشن کی صحت کے حوالے سے جاری خدمات بارے تفصیلات بتاتے ہوئے ام کلثوم رانجھا نے بتایا کہ اس وقت ملک بھرمیں 230 میڈیکل کیمپس کا انعقاد کیا جاچکا ہے جس سے کم و بیش 65 ہزار افراد مستفید ہوئے ہیں۔ یہ کیمپس سندھ، بلوچستان، جنوبی پنجاب اور خیبرپختونخوا کے اضلاع میں منعقد کئے گئے ہیں۔الخدمت کے ڈاکٹرز،پیرامیڈیکل اسٹاف اور رضاکارکشتیوں اورایمبولینسزکے ذریعے دوردراز متاثرہ علاقوں میں پہنچ کر خدمات جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس وقت متاثرہ علاقوں میں ڈائریا، گیسٹرو اور جلدی امراض کے مریض کثیر تعداد میں آرہے ہیں جبکہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ملیریا اور ڈینگی کے مریضوں میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق ان علاقوں میں اس وقت ساڑھے6 لاکھ حاملہ خواتین موجود ہیں جنھیں زچہ و بچہ کی سہولیات کی اشد ضرورت ہے اور یہ ضرورت اگلے 3 سے 6 ماہ اسی طرح برقرار رہے گی۔ اس صورت حال کے پیشِ نظر الخدمت فاؤنڈیشن سکھر فیلڈ ہسپتال کے ساتھ گائنی فیلڈ ہسپتال کا بھی آغاز کرنے جارہی ہے جہاں محفوظ زچگی کے لئے تمام تر سہولیات میسر ہوں گی۔اس وقت الخدمت ادویات اور طبی آلات کی صورت میں عطیات وصول کررہی ہے جو کہ مستعدی کے ساتھ متاثرہ علاقوں تک پہنچائے جارہے ہیں۔ الخدمت اگلے ایک ماہ میں 6 موبائل ہیلتھ یونٹس بھی متاثرہ علاقوں میں پہنچائے گی جن کی مدد سے دور دراز علاقوں تک بہترین اور معیاری طبی سہولیات پہنچائی جاسکیں گی۔

  انہوں نے اس اپنی رضا کار بہنوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ الخدمت اپنے کام کا دائرہ کار مزید وسیع کر رہی ہے اور ان شاء اللہ آخری فرد کی بحالی تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔انہوں نے الخدمت پر اعتماد کرنے پر عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپیل کی کہ عوام اپنا تعاون جاری رکھیں تاکہ تاریخ کے بڑے سیلاب سے پیدا ہونی والی مشکلات کو کم کیا جاسکے۔