دردانہ صدیقی کا ادارہ نور حق میں قائم الخدمت کے امدادی کیمپ کا دورہ، فلاحی سرگرمیوں کا جائزہ لیا


کراچی(صباح نیوز)سیکریٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان دردانہ صدیقی نے ادارہ نور حق میں قائم الخدمت کے بیس کیمپ کا دورہ کیا اور فلاحی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے موقع پر موجود الخدمت رضاکاروں کی بھرپور حوصلہ افزائی بھی کی۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے بچے بالخصوص جس ذہنی آزمائش اور کرب سے گزرے ہیں، انہیں ذہنی طور پر پرسکون کرنے اور واپس بچپن کی طرف لوٹانے کی ضرورت ہے، الخدمت خواتین نے اس کا پورا اہتمام کیا ہے، بچوں کے ساتھ ساتھ ان کی ماں کا بھی خیال رکھتے ہوئے پیکجز بنائے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے جہاد میں کراچی سمیت ملک بھر کے مخیر حضرات نے دل کھول کر حصہ ملایا ہے جو لائق تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ آزمائش صرف سیلاب زدگان کی نہیں بلکہ ہماری بھی ہے جو عافیتوں کے اندر ہیں۔ جو عافیتوں میں ہیں ان کی ذمہ داری ہے کہ اپنی عافیتوں کا شکرانہ اور صدقہ ادا کریں تاکہ مصائب میں گھرے ہم وطن بھی جلد آزمائشوں سے نکل سکیں۔