آرمی چیف نے یوم دفاع و شہدا بلوچستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں گزارا


راولپنڈی(صباح نیوز)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یوم دفاع و شہدا بلوچستان کے سیلاب متاثرہ دور دراز علاقوں میں گزارا، آرمی چیف کو ریلیف اور میڈیکل کیمپوں میں امدادی کاموں پر بریفنگ دی گئی، آرمی چیف کی امدادی کاموں میں مصروف جوانوں سے ملاقات، کوششوں کو سراہا، عمائدین نے مشکل کی اس گھڑی میں داد رسی پرآرمی چیف سے اظہار تشکر کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یوم دفاع و شہدا بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ دور دراز علاقوں میں گزارا، آرمی چیف کو جعفر آباد کے اوستہ محمد ریلیف کیمپ میں ریسکیو اور ریلیف امور پر بریفنگ دی گئی، آرمی چیف نے امدادی کاموں میں مصروف جوانوں سے بھی ملاقات کی اور ان کی کوششوں کو سراہا، آرمی چیف نے فلڈ ریلیف اور میڈیکل کیمپوں کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے مقامی افراد سے ملاقات کرکے ان کے مسائل کے حوالے سے پوچھا،

بعدازاں آرمی چیف نے بلوچستان کے علاقے سوئی کا دورہ کیا، جہاں عمائدین سے ملاقات کے دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ان کی مشکلات کے بارے میں بات چیت کی، عمائدین نے مشکل کی اس گھڑی میں داد رسی پر آرمی چیف سے اظہار تشکر کیا، آرمی چیف نے ملٹری کالج سوئی کا بھی دورہ کیا،

جہاں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو مختلف تربیتی اور تعلیمی امور پر بریفنگ دی گئی، اس موقع پر آرمی چیف نے اساتذہ اور طلبا سے بات چیت کی، اور کالج میں تربیت اور تعلیمی معیار کی تعریف کی، اساتذہ اورطلبا نے قومی سطح کی ہم پلہ معیاری تعلیمی سہولت کی فراہمی پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا، ملٹری کالج سوئی 2011 میں قائم کیا گیا تھا، ملٹری کالج سوئی میں کیڈٹس نے مثالی نتائج دیئے ہیں۔