پاک فوج نے ہر محاذ پر بہادری کی شاندار مثالیں قائم کیں،پرویزالٰہی


لاہور(صبا ح نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ تاریخ عالم پاک فوج کی بہادری کی لازوال داستانیں رقم کرنے کی کوئی دوسری مثال پیش کرنے سے قاصر ہے۔

یوم دفاع پر پیغام میں پرویزالٰہی نے کہا کہ پاک فوج کے عظیم شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، 1965 کی جنگ پاکستان کی دفاعی تاریخ کا ایک شاندار باب ہے۔ وطن کے دفاع کے جذبے سے سرشار مسلح افواج کے افسروں اور جوانوں نے دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا۔ تاریخ عالم پاک فوج کی بہادری کی لازوال داستانیں رقم کرنے کی کوئی دوسری مثال پیش کرنے سے قاصر ہے۔

انہوں نے کہا کہ مکار دشمن کو دندان شکن جواب دینے والے شہدا آج بھی قوم کے دلوں میں زندہ ہیں، پاک فوج نے ہر محاذ پر بہادری کی شاندار مثالیں قائم کیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

پاک فوج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔ 1965 کی جنگ میں دشمن کو دندان شکن جواب دینے والے غازیوں کو بھی سلیوٹ کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملکی سلامتی کیلئے پوری قوم اور پاکستان کی بہادر مسلح افواج یکجان ہیں۔ پاکستان کے پاس دنیا کی بہترین فوج ہے جو ہر جارحیت سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔