لاہورہائیکورٹ نے شیخ رشید کی درخواست اینٹی کرپشن کے بیان کی روشنی میں نمٹا دی


لاہور(صباح نیوز) لاہورہائیکورٹ نے شیخ رشید کی درخواست اینٹی کرپشن کے بیان کی روشنی میں نمٹا دی۔پیر کو لاہور ہائیکورٹ میں شیخ رشید کی اینٹی کرپشن لاہور میں طلبی کے نوٹس کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔

سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید ہائیکورٹ میں پیش ہوئے۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن نازیہ حسین عدالت میں پیش ہوئیں اور شیخ رشید کی حد تک الزام ثابت نہ ہونے کا بیان دے دیا۔

وکیل اینٹی کرپشن نے کہا کہ شیخ رشید کی حد تک الزام ثابت نہیں ہوا۔ وکیل شیخ رشید نے کہا کہ اینٹی کرپشن کے بیان کی روشنی میں اب ہماری درخواست غیر موثر ہو گئی ۔

عدالت نے شیخ رشید کی درخواست اینٹی کرپشن کے بیان کی روشنی میں نمٹا دی۔شیخ رشید احمد نے درخواست میں چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری ہوم، ڈی جی اینٹی کرپشن سمیت دیگر کو فریق بناتے ہوئے کہا تھا کہ ابھی تک رقبہ مکمل فروخت نہیں ہوا، ابھی 80فیصد رقم وصول کرنا باقی ہے، ساری زمین کا قبضہ میرے پاس ہے، رائل ریذیڈینشیا والا رقم بھی نہیں دے رہا۔

انہوں نے کہا تھا کہ ضلع اٹک میں 149کنال کے رقبے کا 67 کروڑ میں رائل ریذیڈینشیا کیساتھ کا معاہدہ کیا تھا، رائل ریذیڈینشیا سے 10کروڑ روپے ایڈوانس وصول کئے، 57کروڑ کی ادائیگی 23فروری 2022تک مکمل ہوئی، زمین کی فروخت کا معاہدہ کسی بھی طرح غیر قانونی نہیں تھا، اینٹی کرپشن نے غیر قانونی طور پر انکوائری شروع کی، اینٹی کرپشن میں 15جولائی کی طلبی کا نوٹس غیر قانونی قرار دے کر کالعدم کیا جائے۔