نواز شریف اور آصف زرداری کی پوری کوشش ہے اپنا آرمی چیف لائیں،عمران خان


فیصل آباد(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں بیرونی سازش کے تحت امپورٹڈ حکومت مسلط کی گئی،نواز شریف اور آصف زرداری کی پوری کوشش ہے کہ اپنا آرمی چیف لائیں،حکومت صرف اپنے کرپشن کیسز بند کرنے کے لیے آئی ہے، ملک کو سیلاب سے بچانے کیلئے ہمیں ڈیمز بنانے ہوں گے، اگلے اتوارکو ٹیلی تھون میں اوورسیز پاکستانیوں سے عطیات کی اپیل کروں گا۔

فیصل آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ 2018میں الیکشن مہم چلائی تو اس دوران ملک میں بہت بیروزگاری تھی،پاکستان میں صنعتی زون نقصان میں جا رہے تھے، فیصل آباد میں ٹیکسٹائل انڈسٹریاں بند ہورہی تھیں۔ عمران خان نے کہا کہ ہمارے ساڑھے 3 سالہ دور میں ٹیکسٹائل انڈسٹری نے ترقی کی، لوگوں کو روزگار ملا، ہمارے دور میں 4 فصلوں کی بڑی پیداوار ہوئی، تحریک انصاف حکومت نے کسانوں کو اپنا حق دلایا، کسانوں کو شوگرملز مالکان سے بروقت رقم دلوائی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں بیرونی سازش کے تحت امپورٹڈ حکومت مسلط کی گئی، امپورٹڈ حکومت نے 4 ماہ کے دوران ملک کو شدید نقصان پہنچایا ہے، آج بجلی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں، 4 مہینے پہلے پیٹرول 150 روپے لیٹر تھا ۔عمران خان نے کہا کہ ہم نے تاریخی ٹیکس اکٹھا کیا، ہم نے ملکی دولت میں اضافہ اور کرپشن میں کمی کی، ہم نے پٹرول کی قیمت کم رکھی، عوام پر بوجھ نہیں پڑنے دیا، ہمارے دور میں بجلی کی قیمت 18روپے یونٹ تھی۔

عمران خان نے کہا کہ آج مزدوروں، کسانوں اور صنعتکاروں کے برے حالات ہیں، 4ماہ میں مہنگائی آسمان پر اور معیشت زمین پر آگئی ہے، آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ مہنگائی مزید بڑھے گی اور پاکستان کے معاشی حالات کی بہت بڑی وجہ حکومتی کرپشن ہے۔

ملک میں سیلابی صورت حال کے حوالے سے عمران خان نے کہا کہ ملک کو سیلاب سے بچانے کیلئے ہمیں ڈیم بنانے ہوں گے، تحریک انصاف نے 50 سال کے بعد 10 ڈیمز بنائے،موسمیاتی تبدیلی کیلئے شجرکاری ضروری ہے، ملک میں ڈرینج سسٹم کو ٹھیک کرنا ہوگا، سیلاب متاثرین کیلئے جلد دوبارہ اربوں روپے جمع کروں گا۔ پھر سے ٹیلی تھون کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے بچا ئوکے لئے ہمیں مستقبل میں ڈیمز بنانے ہوں گے، اگلے اتوار ٹیلی تھون میں اوورسیز پاکستانیوں سے پیسہ اکٹھا کروں گا۔

عمران خان نے کہا کہ قوم چوروں کو ہم پر مسلط کرنے والوں سے جواب مانگ رہی ہے، چوروں کو ہم پر مسلط کرنے والوں نے غداری کی، ان چوروں نے آتے ہی 1100 ارب روپے کی چوری معاف کرائی۔ سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اگر آئی ایم ایف قرض دیتا ہے تو شرائط سخت ہوتی ہیں، ہم نے پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ ٹیکس جمع کیا۔

عمران خان نے کہا کہ نومبر میں نیا آرمی چیف آنے والا ہے، نواز شریف اور آصف زرداری کی پوری کوشش ہے کہ اپنا آرمی چیف لائیں، یہ ڈرتے ہیں کہ تگڑا آرمی چیف آگیا تو وہ ان سے پوچھے گا۔ اس ڈر سے یہ بیٹھے ہیں کہ وہ اپنا آرمی چیف مقرر کریں گے۔