وزیراعظم سے امارات کے ناظم الامور کی لاہور میں ملاقات


لاہور(صباح نیوز)وزیراعظم میاں شہباز شریف سے پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے کے ناظم الامور نے اتوار کولاہور میں ملاقات کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی قوم کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے سامان سے بھرا طیارہ بھیجنے پر متحدہ عرب امارات کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے 50 ملین ڈالرز مالیت کا امدادی سامان بھیجنے پر متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زید النہیان اور 50 ملین اماراتی درہم کی امداد پر متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم محمد بن راشد آل مکتوم کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ متحدہ عرب امارات ہر آفت کی گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور سفارتی اور خارجی محاظ پر متحدہ عرب امارات نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔پاکستان متحدہ عرب امارات سے اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔