کراچی(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی سندھ وسابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے پٹرول مصنوعات اوربجلی قیمتوں میںاضافہ پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل قیمتوں میں واضح کمی کے باوجودپاکستان میں پٹرول قیمتوں میں ایک بارپھر اضافہ مہنگائی وناانصافیوں کے مارے عوام پربجلی گرانے کے مترادف ہے۔عوامی اورتبدیلی کے دعویدارحکمرانوں کے دورمیں مہنگائی کے تمام رکارڈ ٹوٹ چکے ہیں،عوام دو وقت کی روٹی کے لیے پریشان ہیں۔اسلامی نظام ودیانت دار قیادت ہی تمام مسائل کا حل ہے۔
انہوں نے ایک بیان میں کہاکہ ظالم وآئی ایم ایف کے غلام حکمرانوں کو عوام پررحم نہ آیا اس مشکل وقت میں بھی ریلیف دینے کی بجائے پٹرول مصوناعات میں اضافہ عوام کے ساتھ سراسرظلم ہے۔حکمران اتحاد نے اقتدار سنبھالنے کے ساتھ ہی عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈالنے کا سلسلہ شروع کررکھا ہے ،حکومت یکے بعد دیگرے پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کررہی ہے، جس کی وجہ سے اشیائے خورونوش سے لے کر ٹرانسپورٹ کے کرایوں تک میں پے در پے اضافہ ،عام غریب آدمی کی برداشت سے باہر ہو گیا ہے۔ بدقسمتی سے حکمرنوں نے قدرتی آفات کو بھی کمائی اور بھیک مانگنے کا ذریعہ بنالیا ہے۔
حکومت کے عوام مخالف اقدام سے ملک کے غریب اور مہنگائی کی چکی میں پسے ہوئے عوام پرجو گزرہی ہے ، اس کا مداوا کون کرے گا؟عوام سے تو جینے کا حق بھی چھینا جارہا ہے۔حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف سے جو ملک دعوام دشمنی پر مشتمل معاہدہ کیا گیا ہے، اس کی شرائط میں شامل ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی گیس کی قیمتوں میں مرحلہ وار اضافہ کیا جائے گا جبکہ ظالم اور سفاک حکمران پہلے سے اعلان کرچکے ہیں کہ یہ تلخ گولی نگلنی ہی پڑے گی،اس وقت جب آدھا ملک سیلاب کی تباہ کاریوں کی وجہ سے متاثر ہے اور کروڑوں لوگ بے سروسانی کی حالت میں کھلے آسمان تلے پڑے ہوئے ہیں حکمران بیرونی امداد اورملکی خزانے سے متاثرین کی امداد کے نام پر اپنی تجوریاں بھرنے میں مصروف اور امدادی سامان پر مقامی انتظامیہ ڈاکہ زنی کررہی ہے ایسے میں ایک بار پھر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سراسر ظلم ہے ،
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں کم ترین سطح پر ہونے کے باوجود پاکستان میں اضافہ حکمرانوں کی عوام دشمنی کا کھلا ثبوت ہے۔،ملک میںکرپٹ اشرافیہ آزادانہ دنددناتے پھرتے ہیں اور عوام بچارے مہنگائی در مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں۔ صوبائی امیر نے مزید کہا کہ ہر دور اقتدار میں حکمرانوں نے اپنی مجبوریوں کا وایلا کرکے ملک و عوام کو آئی ایم ایف کے شکنجے میں پھنسایا ہے ،موجودہ اتحادی حکومت کی جانب سے عوام کو ریلیف اور مہنگائی سے نجات دلانے کے تمام تر وعدے جھوٹ کا پلندہ ثابت ہوئے ہیںاور آئی ایم ایف کے در پر سجدہ ریز ہوکر عوام کی پیٹھ پر مہنگائی کے کوڑے برسارہی ہے،اتحادی حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے بڑھتی مہنگائی عوام کے لیے ناقابل برداشت ہوچکی ہے۔ پی ٹی ائی حکومت بدل گئی ،مہنگائی ختم ہوئی نہ عوام کی حالت زار بدلی ہے ،اتحادی حکومت کے سارے وعدے سارے نعرے جھوٹے ثابت ہورہے ہیں ،عوام اب اچھی طرح جان چکے ہیں کہ یہ سب ایک بار پھر عوام کے نام پر اپنا ہی ذاتی ایجنڈا پورا کرنے آئے ہیں، تاہم عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوتا جارہاہے،اس سے مسائل کم ہونے کی بجائے مزید جنم لیں گے ،حکومتی وزراء اور ترجمانوں کو چاہئے کہ سابق حکمرانوں پرتنقید کرنے کی بجائے اپنی کارکردگی کی بہتر ی پر توجہ دیں،حکمران مشکل حالات میں عوام کو مزید قربانی دینے کا درس دینے کی بجائے اپنے طرز عمل میں تبدیلی لائیں، جماعت اسلامی اس ظالمانہ فیصلے کیخلاف بھرپور احتجاج کرنے کا حق رکھتی ہے ۔