کراچی(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ سیلاب کے باعث پیدا شدہ سنگین صورتحال میں اہل کراچی ، اندرون ِ سندھ و بلوچستان کے عوام کو ہر گز تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔ جماعت اسلامی نے وفاقی و صوبائی حکومتوں سے کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کے جائز اور قانونی حقوق کے حصول اور مسائل کے حل کے لیے بھر پور جدو جہد کی ہے ۔ سندھ و بلوچستان کے سیلاب زدگان کی امداد اور بحالی کے لیے بھی ماضی کی طرح آگے بڑھ کر کام کریں گے ۔ حکمران بیرونی امداد اور فنڈز جمع کرنے کی دوڑ میں لگنے کے بجائے متاثرین کے ریلیف،بحالی و آباد کاری کے لیے عملی اقدامات کریں ۔ اندرون ِ سندھ جگہ جگہ متاثرین امداد نہ ملنے کی وجہ سے احتجاج اور صوبائی وزرا و حکومتی ارکان اسمبلی کا گھیراؤ کر کے اپنے غم و غصے کا اظہار کر رہے ہیں جو سندھ کے حکمرانوں کے لیے لمحہ فکریہ اور نوشتہ دیوار ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نور حق میں قائم الخدمت کے مرکزی کیمپ پر اندرون ِ سندھ و بلوچستان کے سیلاب زدگان کے لیے امدادی سامان سے بھرے ٹرکوں کی روانگی کے موقع پر میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پرنائب امرا جماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی ، عبد الوہاب ،مسلم پرویز ، سیکریٹری کراچی منعم ظفر خان ، ڈپٹی سیکریٹری و ایگزیکٹو ڈائریکٹر الخدمت کراچی راشد قریشی ، سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری و دیگر بھی موجود تھے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ روزانہ درجنوں ٹرک روانہ کیے جا رہے ہیں ۔ الخدمت کراچی ، میر پور خاص ، جھڈو ، جیکب آباد ، لاڑکانہ ، سکھر ، نوشہروفیروز ، بدین ،بیلہ، وندر ، خضدار اور کوئٹہ میں قائم امدادی مراکز میں غذائی اجناس ، ادویات ، خیمے ترپالیں و دیگر امدادی اشیاء و ضرویات زندگی مہیا کر رہی ہے ۔
سکھر میں ایک میگا کچن سمیت کئی مقامات پر الخدمت کچن دن رات کام کررہے ہیں اور روزانہ ہزاروں متاثرین کو پکا پکایا کھانا فراہم کیا جا رہا ہے۔ متاثرین میںبڑی تعداد میں خواتین بھی شامل ہیں جن کی ضروریات کے لیے بھی خصوصی طور پر انتظامات کیے گئے ہیں اور جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی ذمہ داران جمعرات کو اندرون ِ سندھ روانہ ہوں گی ۔ متاثرہ علاقوں میں الخدمت کے تحت ریلیف ورک کا پورا نیٹ ورک قائم ہے اور متاثرین کی تعداد اور ضروریات کے مطابق امدادی اشیاء اور غذائی اجناس تقسیم کی جارہی ہیں جبکہ میڈیکل کیمپس بھی قائم ہیں اور علاج معالجے کی سہولیات و ادویات بھی دی جا رہی ہیں ۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ادارہ نور حق میں قائم مرکزی امدادی کیمپ مسلسل وسیع ہو تا جا رہا ہے اور روزانہ 100خواتین سمیت 500رضا کاردن رات شہر بھر سے آنے والی امدادی اشیاء کی سارٹنگ اور پیکنگ میں مصروف ہیں ، شہر بھر میں 150مقامات پر امدادی کیمپ قائم ہیں جہاں امدادی اشیاء اور نقد رقومات جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے اور کراچی کے اہل ِ خیر و صاحب ثروت افراد ہر زبان بولنے والے شہری دل کھول کر تعاون کر رہے ہیں اور ثابت کر رہے ہیں کہ وہ سیلاب زدگان کے دکھ درد میں پوری طرح شریک ہیں ۔