کراچی(صباح نیوز)حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے بابائے حریت سید علی گیلانی کو ان کے یوم شہاد ت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سید علی گیلانی عظیم مجاہد،آزادی کشمیر اور الحاق پاکستان کی توانا ترین آواز،حریت اور جہد مسلسل کا استعارہ،تمام ظلم اور جبر کے سامنے بے خوف کلمہ حق کہنے والے بلند پایہ لیڈر تھے۔ سید علی گیلانی کی رحلت اسلامی تحریکوں کا عظیم نقصان ہے۔
دردانہ صدیقی نے سید علی گیلانی کے یوم وفات پر اپنے خصوصی بیان میں کہا کہ سید علی گیلانی آزادی کشمیر کے سرگرم،متحرک مجاہد اور پوری امتِ مسلمہ کا قیمتی سرمایہ تھے۔ بزرگ رہنما پیرانہ سالی اور علالت کے باوجود اسلام اور آزادی وطن کی خاطرقید و بند کی صعوبتیں برداشت کرتے رہے مگر تحریک آزادی کشمیر کی جدوجہد کو کمزور نہیں ہونے دیا۔ تحریک آزادی میں ان جیسے روشن کردار کا خلا تادیر پر نہیں کیا جا سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ بحثیت حریت رہنما، دنیا بھر کی اسلامی تحریکوں، آزادی کے قافلوں اور اسلامی ممالک کے لئے اعلی مثال،ثابت قدمی اور جہد مسلسل کا استعارہ تھے۔انہوں نے سید علی گیلانی کے یوم وفات پر مرحوم کی آزادی کے لئے جہد مسلسل اور قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مغفرت، بلندی درجات کی دعا کی۔۔