الخدمت کی سیلاب زدگان کے لیے امدادی سرگرمیاں جاری ، حافظ نعیم کاامدادی کیمپ کا دورہ


کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی اور الخدمت کے تحت سیلاب زدگان کی امداد اور بحالی کی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں ، شہر بھر میں 150مقامات پر امدادی کیمپ قائم ہیں اور عوام ‘ اہل خیر و صاحب ثروت افراد کی جانب سے نقد رقومات ، خشک غذائی اجناس ، ادویات اور دیگر ضروری اشیاء جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے ۔ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے منگل کو طارق روڈ لبرٹی چوک پر قائم الخدمت امدادی کیمپ کا دورہ کیا ۔امدادی سرگرمیوں میں مصروف کارکنوں کے حوصلوں اور جذبوں کو سراہا اورمیڈیا کے نمائندوں سے گفتگو بھی کی ۔

اس موقع پرپبلک ایڈ کمیٹی کراچی کے صدر و امیر ضلع قائدین سیف الدین ایڈوکیٹ ،طارق روڈ ٹریڈرز یونین کے صدر اسلم بھٹی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔ علاوہ ازیں ادارہ نور حق میں قائم مرکزی امدادی کیمپ میں شہر بھر سے مسلسل امدادی سامان آرہا ہے اور دفترکا اندرونی صحن سامان سے بھر جانے کے بعد گلی کے اندر بھی سامان رکھا گیا ہے جبکہ مردو خواتین رضا کار سامان کی پیکنگ میں مصروف ہیں ۔ سامان ٹرکوں پر لوڈ کروا کر متاثرہ علاقوں میں روانہ کیا جا رہا ہے ۔ امدادی سامان میں غذائی اجناس ، پینے کے پانی کی بوتلیں ،ادویات ، خیمے ، ترپال ،صابن ،صرف سمیت دیگر ضروری اشیاء شامل ہیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے لبرٹی چوک پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی وفاق اور صوبے دونوں حکومتوں میں شامل ہے اس لیے اب فنڈز کے نام پر نورا کشتی کرنے کے بجائے متاثرین کو ریلیف فراہم کیا جائے۔کراچی اور اندرون سندھ سرکاری عمارتیں اور کنٹونمنٹ ایریاز،حکومتی سطح پر قائم مہمان خانے اور آر اوز اور ڈی سی آفسز میں بھی متاثرین کو رہنے کے لیے جگہ دی جائے ، فوج کے اداروں سے امید ہے کہ وہ ریلیف فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ رہنے کے لیے جگہ بھی دیں گے۔ ملک ریاض بھی مالی امداد کے ساتھ ساتھ متاثرین کے لیے جگہ بھی وقف کریں۔انہوں نے کہا کہ اطلاعات کے مطابق دادو میں صورتحال انتہائی خطرناک ہے اور پانی واوور فلو کی خبریں آرہی ہیں۔ سندھ حکومت کو بھی اطلاع دی جاچکی ہے لیکن المیہ یہ ہے کہ حکومت کی جانب سے ابھی تک کوئی اقدامات نظر نہیں آئے۔دادو کے ساتھ ساتھ دیگر علاقوں کے بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ زندہ باد اور مردہ باد کی سیاست ختم کر کے سب کو متاثرین کی ریلیف کا کام کرنے کی ضرورت ہے۔الخدمت اور جماعت اسلامی کے رضاکار متاثرین کے درمیا ن موجود ہیں اور انہیں ریلیف دے رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن کے ڈاکٹر ز بھی متاثرہ علاقوں میں موجود ہیں۔خشک اجناس، پینے کا پانی بھی وافر مقدار میں متاثرین تک پہنچادیا گیا ہے۔الحمداللہ مختلف کمپنیوں نے بھی الخدمت سے تعاون کیا ہے ۔شہر بھر میں الخدمت اور جماعت اسلامی کے تحت متاثرین کے لیے امدادی سامان اور نقد رقومات جمع کرنے کا سلسلہ جاری ہے ۔کراچی کے عوام نے ہمیشہ کی طرح اپنے دل کھول دیے ہیں۔کراچی کے عوام نے ثابت کردیا ہے کہ ہم کسی صورت تقسیم نہیں ہوں گے۔کراچی کے ہر طبقہ فکر سے وابستہ یہاں تک کہ کچرا چننے والا بھی متاثرین کی مدد کررہا ہے۔ اسلم بھٹی نے کہا کہ اللہ کا فضل ہے کہ وہ ہم سے انسانوں کی خدمت کا کام لے رہاہے ،ہم جماعت اسلامی اور الخدمت کے تعاون سے ہر اس جگہ جائیں گے جہاں متاثرین کی مدد کے کیے جانا مشکل ہوگا۔ تمام دوکانداروں سے اپیل ہے کہ سیلاب متاثرین فنڈز میں زیادہ سے زیادہ عطیات جمع کروائیں۔