اسلامی جمعیت طلبہ کے زیراہتمام پنجاب یونیورسٹی میں فلڈ ریلیف کیمپ کا قیام


لاہور (صباح نیوز)اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ پنجاب کے زیر اہتمام یونیورسٹی میں 10 مقامات پر سیلاب متاثرین کی بحالی ومدد کے لیے کیمپس لگائے گئے جس میں طلبہ و طالبات نے خصوصی تعاون کیا اور متاثرین کے لیے مالی امداد کی، اس کے ساتھ ساتھ کلاس ٹو کلاس کیمپین بھی چلائی گئی۔

ناظم جامعہ پنجاب بہادر خان نے کارکنان سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمارا ملک ہے اور ہم سب کا فرض ہے کہ اس قدرتی آفت میں ہم سب یکجا ہو کر متاثرین کی مدد کریں۔ اس وقت ہزاروں لوگ اس قدرتی آفت کے رحم و کرم پر ہیں، جامعہ پنجاب کے طلبہ و طالبات اپنی بساط کے مطابق اس حوالے سے اپنا خصوصی کردار ادا کریں۔

مزید برآں انہوں نے کہا کہ عوام شدید تکلیف میں ہیں اور بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوئے ہیں، لوگ کھلے آسمان تلے بے یار و مددگار پڑے ہیں اور کوئی پوچھنے والا بھی نہیں ہے۔ حکومت سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے خصوصی اقدام کرے ۔