اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے زیر اہتمام ملک بھر میں سیلاب ریلیف کیمپس قائم


لاہور(صباح نیوز)سیکرٹری اطلاعات اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے مطابق اسلامی جمعیت طلبہ ملک بھر کی تمام جامعات ، کالجز ، سکولز اور رہائشی حلقوں میں سیلاب ریلیف کیمپس کا انعقاد کر رہی ہے۔

ان کیمپس میں طلبہ و طالبات دل کھول کر ملک پاکستان کے سیلاب زدہ علاقوں اور لوگوں کی امداد کے لیے فنڈز جمع کروارہے رہیں اور مالی امداد کے ساتھ ساتھ ادویات ، خشک راشن ودیگر اشیا ضرورت بھی جمع کروا رہے ہیں جو ساتھ ساتھ وسیب ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان و دیگر سیلاب زدہ علاقوں تک پہنچائی جا رہی ہیں۔

ریلیف کیمپس کا انعقاد ناظم اعلی اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان شکیل احمد کی خصوصی ہدایات پر کیا گیا ، ناظم اعلی آئندہ دنوں میں سیلاب زدہ علاقوں اور ریلیف کیمپس کا دورہ کریں گے۔

اس موقع پر ناظم اعلی اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کا کہنا تھا ہمارے وطن عزیز کا ہر نوجوان اپنے آفت زدہ لوگوں کے شانہ بشانہ ہے دلی طور پر ہم لوگ اپنے بھائیوں کا درد رکھتے ہیں اس مشکل کی گھڑی میں پوری قوم ان کے درد کو کم کرنے میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔