جماعت اسلامی ملک میں کرپشن کے خاتمے کا عزم رکھتی ہے۔ دردانہ صدیقی


کراچی(صباح نیوز)حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے  کہا ہے کہ جماعت اسلامی وطن عزیز پاکستان کی ایک انقلابی تحریک ہے جو نظریہ پاکستان کی عملی تعبیر کے حصول کے لئے سرگرم عمل ہے۔جماعت اسلامی جمہوری نظام اورآزادی انسانیت کا احترام کرتے ہوئے فرد اور معاشرے کی اصلاح کے لئے جدوجہد کر رہی ہے تاکہ اسلامی معاشرے کی تشکیل کا فریضہ انجام دیاجا سکے۔

ان خیالات کا اظہار حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے جماعت اسلامی کے یوم تاسیس پر اپنے خصوصی بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی قرآن و سنت کو دستور حیات مانتے ہوئے اسلامی قوانین کو زندگی کا لائحہ عمل تصور کرتی ہے اور قرآن و سنت کے احکامات کو ہی ریاست کا بنیادی دستور تصور کرتی ہے جس کی روشنی میں مملکت کے جملہ امور کی انجام دہی لازم ہے۔جماعت اسلامی ملک میں کرپشن کے خاتمے کا عزم رکھتی ہے اور سود کو کسی بھی اسلامی ریاست کے لئے زہر قاتل تصور کرتی ہے۔جماعت اسلامی اقتدار کی متقلی کے شورائی  نظام پر یقین رکھتی ہے اورموروثی سیاست و نظام حکومت کو قابل نفرت گردانتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک کو جب بھی مشکل حالات درپیش ہوئے جماعت اسلامی نے اپنے جوانوں کے لہو سے ملک کی بنیادوں کی آبیاری کی۔ الخدمت فانڈیشن پاکستان کے جوان ہمیشہ کی طرح آج بھی سیلاب زدہ علاقوں میں  قیمتی جانوں کو بچانے کے لئے اپنا تن من دھن قربان کئے ہوئے ہیں۔ جماعت اسلامی سمجھتی ہے کہ وطن عزیز پاکستان کے مسائل کا حل اسی وقت ممکن ہے جب اسلام کے شرعی اصولوں کو سامنے رکھتے ہوئے مدینہ کے طرز کی حقیقی اسلامی رہاست قائم کی جائے جہاں انصاف اپنی دہلیز پر ہر ایک  کے لئے میسر ہو۔

دردانہ صدیقی نے کہا کہ جماعت اسلامی خواتین کو معاشرے کا اہم فرد اور نسلوں کی تربیت کا امین گردانتی ہے۔ خواتین کو شرعی حقوق اور باعزت مقام دلوانے کے لئے جماعت اسلامی نے خواتین چارٹر پیش کیا ہے جس کے تحت خواتین کو تمام شرعی حقوق اور عدل وانصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔اس کے علاوہ  ڈاکٹرز، وکلا، ملازمت پیشہ، اساتزہ، طلبا غرض کہ جماعت اسلامی ہر شعبہ ہائے زندگی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی دنیابھر کی اسلامی تحریکوں سے مضبوط تعلقات کی حامل ہے اور جدوجہد آزادی کے حصول  میں مصروف اقوام کی غیر مشروط حمائت کرتی ہے۔ افغانستان،فلسطین اور کشمیر کے ایشوز پر بھی جماعت اسلامی کا واضح ٹھوس موقف ہے اور عزم ہے کہ وطن عزیز کی نظریاتی و جغرافیا حدود کے تحفظ کے حوالے سے کسی قسم کی  قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔