ملکی ترقی کیلئے شرح منافع پر ٹیکس لگانا ہوگا،عائشہ غوث پاشا


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ ملکی ترقی کیلئے شرح منافع پر ٹیکس لگانا ہوگا۔عائشہ غوث پاشا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں حالات کی نزاکت کو سمجھنا ہوگا، حالات کی نزاکت کو سمجھیں گے تب ہی ان کا مقابلہ کر سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ قائد اعظم نے ہمیشہ قومی اتحاد کی بات کی، انہوں نے قومیت کی بجائے پاکستانیت کی بات کی، پاکستان بننے کے بعد نسلی امتیاز پروان چڑھتا گیا، قائد کا پیغام بھولنے سے قومی ترقی رک گئی ہے، ہم اپنی اپنی مسجدیں بنانے میں مصروف ہو گئے۔عائشہ غوث نے کہا کہ آبادی کے لحاظ سے چھٹا ملک ہونے کے باوجود ہم بہت نیچے ہیں، پائیدار ترقی کیلئے محروم طبقوں کو فوکس کرنا ہو گا، ہمیں معلوم ہے کہ ہم اتنی زیادہ درآمدات افورڈ نہیں کر سکتے، سب سے زیادہ امپورٹس انرجی فیول کی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم صبح 8 بجے مارکیٹس کیوں نہیں کھول سکتے؟ دن بارہ بجے مارکیٹس کھلیں گی تو بجلی زیادہ استعمال ہو گی، ملکی ترقی کیلئے شرح منافع پر ٹیکس لگانا ہوگا۔وزیر مملکت خزانہ نے کہا کہ نوجوانوں میں مایوسی ہوگی تو وہ کیا کریں گے؟ نوجوانوں نے ملازمت کی تلاش چھوڑ دی ہے، پڑھے لکھے نوجوان گھروں میں بیٹھے ہیں، معاشی لحاظ سے یہ صورتحال پریشان کن ہے۔

عائشہ غوث نے کہا کہ پاکستان آئی ایم ایف پروگرام میں ہے، ملک آئی ایم ایف کے پاس تب جاتا ہے جب اس کے پاس پیسے نہ ہوں، زرمبادلہ کے ذخائر کم ہیں، تجارتی خسارہ بہت زیادہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری درآمدات زیادہ اور برآمدات کم ہیں، ہمیں اپنے وسائل کے مطابق زندگی گزارنا ہوگی، آپ ایکسپورٹس نہیں کر سکتے تو امپورٹ بھی کم کر دیں، ہم نے بیرونی قرضے کی مد میں 130 ارب ڈالرز ادا کرنے ہیں۔