کراچی (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے اندرون ِ سندھ سیلاب زدہ علاقوں کے دورے کے دوران جماعت اسلامی کی جانب سے کراچی میں ایک بار پھر بلدیاتی انتخابات کے التوا پر الیکشن کمیشن اور سندھ حکومت کے خلاف شاہراہ قائدین پر دیئے جانے والے دھرنے کے شرکا سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کا التوا اہل کراچی کو ان کے آئینی و جمہوری حقوق سے محروم کرنا ہے ، دو سال کا عرصہ ہو گیا ہے اور ملک کے سب سے بڑے شہر کے عوام اپنے بلدیاتی نمائندوں اور میئر سے محروم ہیں ۔ وفاقی و صوبائی حکومتیں کراچی کے عوام کے دیرینہ مسائل حل کرنے میں ناکام رہی ہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کراچی کے عوام کے دیرینہ مسائل کے لیے مسلسل جدو جہد کر رہی ہے جس پر کارکنان اور ذمہ داران خراج تحسین کے مستحق ہیں ۔ عوام کا جماعت اسلامی کی طرف رجوع بڑھ رہا ہے ۔سراج الحق نے مزید کہاکہ جماعت اسلامی نے ماضی میں بھی اہل کراچی کی خدمت کی ہے اور آئندہ جب بھی موقع ملا وہ عوام کو ہر گز مایوس نہیں کرے گی ۔