کراچی(صباح نیوز)ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما خواجہ اظہار الحسن نے بھی بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے جماعت اسلامی کا زبان زدِ عام نعرہ ”حل صرف جماعت اسلامی” لگا دیا۔
سندھ ہائیکورٹ میں ایم کیو ایم پاکستان کے رکن اسمبلی خواجہ اظہار الحسن اور جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان کے درمیان دلچسپ گفتگو ہوئی۔امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان اور ایم کیو ایم پاکستان کے رکن سندھ اسمبلی خواجہ اظہار الحسن مختلف کیسز کی سماعت کے لیے سندھ ہائیکورٹ پہنچے۔دونوں سیاسی حریفوں نے ایک دوسرے سے مصافحہ کیا اور اس دوران خواجہ اظہار الحسن اور حافظ نعیم کے درمیان دلچسپ گفتگو بھی ہوئی۔
خواجہ اظہار الحسن نے حافظ نعیم الرحمان کو دور سے آتا دیکھ کر آواز لگائی حل صرف جماعت اسلامی جس پر وہاں موجود دیگر افراد کے چہروں پر بھی مسکراہٹ آگئی۔اس موقع پر دونوں سیاسی رہنمائوں نے ایک دوسرے کو گلے بھی لگایا اور چند لمحے گفتگو کے بعد دونوں سیاسی رہنما اپنے اپنے راستوں پر ہو لئے۔