نجی ٹی وی کے اینکر جمیل فاروقی کی گرفتاری اور تشدد شرمناک اقدام ہے، سی پی این ای


کراچی ( صباح نیوز) کونسل آف پاکستان نیوز پیپرایڈیٹرز (سی پی این ای ) کے صدر کاظم خان اور سیکریٹری جنرل عامر محمود نے جاری کردہ ایک مذمتی بیان میں نجی ٹی وی چینل بول نیوز کے اینکر پرسن جمیل فاروقی کی گرفتاری اور تشدد کو شرمناک حکومتی اقدام قرار دیا ہے ۔

سی پی این ای کے رہنماؤں نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ موجودہ حکمران جمہوری اقدار کو پامال نہ کریں، ظلم اور جبر سے زبان بندی کی روش انہیں زیب نہیں دیتی۔ گرفتار صحافی کی جانب سے حزب اختلاف کے ایک رہنماء پر دوران حراست تشدد کی بات کرنا ایسا جرم نہیں جس کی پاداش میں ایک صحافی کو دن دیہاڑے ماورائے عدالت اغواء کر کے بہیمانہ تشد کیا جائے۔ آج ایسے تبصرے گلی ، محلوں اور چوراہوں پربلکہ ہر جگہ زبان زد عام ہیں، اس کا قطعی مطلب نہیں کہ پورے پاکستان کے عوام کو ہی گرفتار کرلیا جائے۔ خوف و ہراس کی فضاء قائم کرنے سے اقتدار کی بنیادیں کھوکھلی ہو جاتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ صحافی پیشہ ورانہ اور فطری طور پرحریت پسند ہوتا ہے اور اظہار رائے کی آزادی اس کا بنیادی آئینی حق ہے۔ صحافیوں گرفتاریوں، تشدد، دھمکیوں اور حکومتی سرپرستی میں انتقامی کارروائیوں کے باعث صحافت سے وابستہ میڈیا ورکرز میں ا  نتہائی بے چینی اور سراسیمگی پھیل گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی سے متاثرہ صحافی کی گرفتاری وفاقی پولیس کے ذریعے عمل میں لائی گئی ہے ۔

ایسے اقدامات سے موجودہ جمہوری حکومت میڈیا اورعوام کو کیا پیغام دینا چاہتی ہے کہ ان کے دور اقتدار میں سچ بولنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے؟ سیاسی انتقام کے پیش نظر صحافیوں اور میڈیا کو انتقام کا نشانہ بنایا جاتا رہا تو یہ ایک بڑے طوفان کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اینکر جمیل فاروقی پر قائم بے بنیاد اور من گھڑت مقدمات ختم کر کے فوری رہا کیا جائے اور پر تشدد کارروائیوں میں ملوث اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔