اسلا م آباد(صباح نیوز) ایرانی مصنوعات کی پہلی نمائش بدھ سے پاک چائنہ سنٹر میں شروع ہوگی جو تین روز تک جاری رہے گی۔
جاری تفصیلات کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران اور اسلامی جمہوریہ پاکستان نے دو دوست ہمسایہ ممالک کی حیثیت سے اور اقتصادی تعلقات کے فروغ کیلئے تاجروں اور سرمایہ کاروں کی دونوں ممالک کی منڈیوں تک رسائی میں سہولیات فراہم کرنے کو اہم ترجیحات میں شامل کیا ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے اہم اقدامات کیے گئے ہیں۔ مذکورہ ہدف کے حصول کے لئے قدم بہ قدم آگے بڑھیں گے۔ اب جب کہ دنیا کو تیل، توانائی کی عالمی قیمتوں میں اضافے اور اشیا کی رسد اور ٹرانزٹ کے نظام میں مداخلت جیسے معاشی مسائل کا سامنا ہے۔
موجودہ حالات خصوصا پڑوسی ممالک کے درمیان دو طرفہ سامان اور خدمات تک آسانی نیز کم لاگت میں رسائی اور یکجہتی کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہیں۔ لہذا، دونوں ممالک کے معیشت سے وابستہ افراد، کمپنیاں اور تاجروں کو ایک دوسرے کی صلاحیتوں اور توانائیوں سے آگاہ اور آشنا کرنے کے لئے 24 تا 26 اگست کواسلام آباد کے پاک چائنہ سینٹر میں ایرانی مصنوعات کی پہلی خصوصی نمائش کا انعقاد کیا جارہا ہے۔
اس نمائش کا انعقاد دونوں ملکوں کی منڈیوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اور بڑی ایرانی کمپنیوں کی موجودگی اور ان شعبوں میں معیاری مصنوعات متعارف کرانے کیلئے کیا جا رہا ہے جن میں( 1) ایل پی جی، پیٹروکیمیکل، انجن آئل۔(2) پولیمر انڈسٹریز اور پلاسٹک کی مصنوعات،(3) آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن کی نئی ٹیکنالوجیز اور انٹلیجنٹ ٹیکنالوجیز اور سمیلیٹر سسٹمز۔(4) میڈیسن انڈسٹریز اور طبی آلات، کیمیکل اور کھادیں(5) ڈیری مصنوعات(6) فوڈ اور خشک میوہ جات کی صنعت۔(7) الیکٹرک گاڑیاں،
گاڑیوں کی الیکٹرک آلات اور بیٹریاں، اور فلٹرز(8) کان کنی، تعمیراتی مشینری اور صنعتی بھٹیاں(9) قالین اور فرش شامل ہیں،مذکورہ نمایش تاجروں، معیشت سے وابستہ افراد کے لئے ایک بہترین موقع ہے نالج بیسڈ، آئی ٹی اور ایل پی جی ایکسپورٹر کی کمپنیوں سے دلچسپی رکھنے والے افراد سے دعوت کی جاتی ہیں کہ وہ اس نمائش میں شرکت کرکے ایک موثر اور مفید تجارت کی طرف قدم اٹھائیں۔